تعمیر نو کا مسئلہ
Urdu book, p. 27
By Maulana Wahiduddin Khan
ہزاروں بار ٹکراؤ کیا، اور ہر ٹکراؤ ایک طرفہ طور پر مسلمانوں کی کامل بربادی پر ختم ہوا۔ مسلمان موجودہ زمانہ میں اعداد وقوت کے حکم قرآنی کے مخاطب تھے۔ یعنی فریق ثانی کے مقابلہ میں اپنی کمیوں کو جاننا اور ان کمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنا۔ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کا جہاد اعداد قوت تھا نہ کہ استعمالِ قوت۔ مگر موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے رہنماؤں نے اس راز کو نہیں سمجھا۔ ناقابل فہم نادانی کے تحت وہ مسلمانوں کو جوش دلا کر انھیں ان کے حریفوں سے ٹکراتے رہے۔ انھوں نے اپنے عمل کا آغاز ”بانگ درا“ سے کیا نہ کہ خاموش تیاری سے۔ اس قسم کی نادانی کا آخری نتیجہ بربادی تھا۔ اور وہی اپنی کامل ترین صورت میں مسلمانوں کے حصہ میں آیا۔ کرنے کا کام ملت کے احیاء نو کے لئے اس وقت کرنے کا کام صرف ایک ہے۔ اور وہ یہ کہ ملت کے افراد میں اس فطری عمل کے جاری ہونے کے مواقع پیدا کئے جائیں جس کا ہم نے اوپر ذکر کیا ہے۔ فطرت خود سب سے بہتر رہنما ہے۔ اگر بیرونی رہنما بھٹکانے کا کام نہ کریں تو اندرونی فطرت اپنے آپ لوگوں کی رہنما بن جائے گی۔ وہ وہی کریں گے جو انھیں کرنا چاہئے، اور وہ نہیں کریں گے جو ان کو نہیں کرنا چاہئے۔ اس وقت ملت کا پہلا مسئلہ یہ ہے کہ وہ تعلیم یافتہ بنے۔ اس کے شعور کی صلاحیت کو ابھارا جائے۔ اس کے اندر حقیقت پسندانہ فکر پیدا کیا جائے۔ ناممکن چٹانوں سے سرٹکرانے کے بجائے اس کو ممکن میدانوں میں سرگرم عمل کیا جائے۔ خوش خیالیوں میں جینے کے بجائے لوگوں کو حقائق میں جینے والا بنایا جائے ۔ جو لوگ آج سماج کا احتجاجی گروپ (protestant group) بنے ہوئے ہیں، ان کو اٹھا کر سماج کا تخلیقی گروپ (creative group) بنا دیا جائے۔ تعمیر خویش کا یہ عمل صرف پر امن حالات میں جاری ہو سکتا ہے۔ اس لئے اس کے ساتھ یہ بھی لازمی طور پر ضروری ہے کہ جنگ اور ٹکراؤ سے آخری حد تک پر ہیز کیا جائے۔ اشتعال انگیزی پر مشتمل ہونے کا طریقہ مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔ نا خوشگوار باتوں کے متعلق شعوری طور پر یہ فیصلہ کر لیا جائے کہ ان سے الجھنا نہیں ہے بلکہ ان سے اعراض کرنا ہے۔ اختلافی امور میں رد عمل کے بجائے صبر کا طریقہ اختیار کیا جائے۔ ایک کام کو کرنے کے لئے دوسرے کام کو چھوڑنا پڑتا ہے۔ اگر آپ چھوڑنے والے کام کو نہ چھوڑیں تو آپ کرنے والے کام کو بھی انجام نہیں دے سکتے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader