Urdu book · کاروانِ ملّت

صراط مستقیم سے انحراف

Urdu book, p. 72

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک اسلامی تحریک اٹھائیں اور اس کو " ایمان و یقین کی دعوت " کا نام دیں۔ تو یہ بھی اتباع سب ہی کی ایک صورت ہوگی۔ کیوں کہ اسلامی دعوت کی یہ تعبیر اسلام کی ثابت شدہ تعبیر کے مطابق نہیں۔ اگر آپ قرآن کو یہ جاننے کے لئے پڑھیں کہ اس کا نکتہ دعوت کیا ہے تو سارے قرآن میں کہیں بھی آپ یہ نہ پائیں گے کہ قرآن اسلام کی دعوت کو " ایمان اور یقین کی دعوت " کے الفاظ میں بیان کر رہا ہے۔ اس کے بجائے قرآن میں اس سلسلہ میں جو الفاظ ملتے ہیں، ان کے مطابق، اسلامی دعوت کی زیادہ صحیح تعبیر یہ ہے کہ اس کو " ایمان اور تقویٰ کی دعوت " یا " ایمان اور عمل صالح کی دعوت " کہا جائے۔ اسلامی دعوت کی تعبیر کے لئے اگر قرآنی لفظ کا استعمال کیا جائے تو اس سے صحیح ذہن بنتا ہے اور اگر قرآنی تعبیر کے علاوہ کوئی دوسری تعبیر اختیار کی جائے تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ذہن کا فوکس بدل جائے گا۔ اس کے بعد صحیح اور مطلوب ذہن کی تشکیل ممکن نہیں۔ اسلام کی دعوت کو " ایمان و یقین کی دعوت " کے اسلوب پر چلانے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ لوگوں کا ذہن پوری طرح قرآن وسنت کے انداز پر نہیں بنے گا۔ بلکہ زیادہ تر ایک اور ڈھنگ پر بنے گا جس کا یہ اسلوب تقاضا کرتا ہے۔ ایسے لوگوں کے اندر یقین (صحیح تر لفظ میں خوش فہمی) کا مزاج تو آئے گا، مگر حقیقی معنوں میں خوف خدا کا مزاج ان کے اندر نہیں آئے گا۔ ذکر اور عبادت جیسے کچھ ظاہری اعمال تو ان میں پیدا ہوں گے مگر وسیع تر معنوں میں عمل صالح ان کی زندگیوں کے اندر پیدا نہیں ہوگا۔ اپنے اکابر کی عظمت سے تو وہ ضرور سرشار ہوں گے مگر خد او ند ذو الجلال کی عظمت سے سرشاری ان کے یہاں پائی نہیں جائے گی۔ وہ تلاوت قرآن یا حفظ قرآن کے شائق تو نظر آئیں گے مگر تدبر قرآن یا مطالعہ قرآن سے انھیں کوئی دلچسپی نہ ہوگی۔ کمیاتی اعمال کی اہمیت ان کی سمجھ میں آئے گی مگر کیفیاتی اعمال کی اہمیت کو وہ نہ سمجھ سکیں گے۔ وہ سکون واطمینان والے دین کو جانیں گے مگر وہ اس دین سے واقف نہیں ہوں گے جو آدمی کو اندیشہ اور اضطراب کے طوفان میں مبتلا کر دیتا ہے۔ قرآن میں پیغمبر کی زبان سے ارشاد ہوا ہے کہ بے شک میرا رب ایک سیدھے راستہ پر ہے اِنَّ رَبِّی عَلیٰ صِرَاطٍ مُسْتَقِیْم (ہود ۵۶) دوسری جگہ ہے کہ اللہ نے فرمایا کہ یہ راستہ سیدھا مجھ

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page