خاتونِ اسلام
Urdu book, p. 106
By Maulana Wahiduddin Khan
جس نے مرد اور عورت کے عمل میں فرق پیدا کیا ہے۔ عمومی طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے کہ لڑنے بھڑنے کی صلاحیت عورتوں کے مقابلے میں مردوں کے اندر زیادہ ہوتی ہے۔ محققین کا خیال ہے کہ دونوں کے ہارمون (Hormone) جدا جدا ہوتے ہیں اور وہی دونوں کے درمیان فرق پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کچھ محققین نے نَر کے ہارمون (Hormone Testosterone) کو مادہ کے جسم میں داخل کیا تو مادہ کے اندر نَر کی خصوصیات محسوس کی جانے لگیں۔ کچھ لڑکیوں میں پیدائش سے پہلے مردانہ ہارمون داخل کر دیے گئے۔ چنانچہ پایا گیا کہ پیدائش کے بعد ان میں گڑیوں سے کھیلنے کا شوق بہت کم تھا، ان میں لڑکوں کی طرح جارحیت کا مزاج زیادہ پایا گیا۔ محققین نے پایا ہے کہ ہارمون خود دماغ کے ڈھانچہ کو بدل دیتے ہیں۔ نَر اور مادہ کے دماغ (brain) میں فرق پایا گیا ہے اور اس کا سبب دونوں کے ہارمون کا فرق ہے۔ ان تحقیقات کے ذریعہ دونوں صنفوں کے درمیان ناقابلِ انکار فرق (undeniable difference) موجود ہے۔ یہ تحقیقات واضح طور پر ثابت کر رہی ہیں کہ عورت اور مرد کی تخلیق میں فرق ہے اور جب دونوں میں فرق ہے تو دونوں کا دائرہ عمل الگ الگ ہونا چاہیے۔ مگر جو لوگ لمبی مدت تک پچھلے خیال کے ساتھ وابستہ رہے ہیں وہ ابھی اس کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔ ایک مغربی عالم نے کہا: “Whether these physiological differences destine men and women for separate role in society is another and far more delicate question.” کیا یہ عضویاتی فرق مردوں اور عورتوں کے لیے سماج کے اندر الگ الگ کردار مقرر کرتے ہیں، یہ ایک علاحدہ اور زیادہ پیچیدہ سوال ہے۔ (ریڈرس ڈائجسٹ، اکتوبر 1981)

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader