اجرتى ولادت
Urdu book, p. 181
By Maulana Wahiduddin Khan
اجرتی ولادت جدید دور نے جو چیزیں پیدا کی ہیں ، ان میں سے ایک وہ ہے جس کو نیابت مادری (surrogacy) کہا جاتا ہے ۔ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ امریکا میں 1976 سے 1986 تک مصنوعی حمل (artificial insemination) کے ذریعہ 500 لڑکے پیدا کیے جا چکے ہیں ۔ امریکا میں اس وقت تقریباً ایک درجن اس قسم کے مراکز (surrogate centers) کام کر رہے ہیں ۔ ان مراکز میں مزید اضافہ کا امکان ہے ، کیونکہ امریکا میں تقریباً 15 فی صد شادی شدہ افراد طبعی طور پر غیر زرخیز (infertile) ہیں ۔ (ٹائم 19 جنوری 1987) مسٹر ولیم اسٹرن اور ایلیز بتھ اسٹرن کے یہاں اولاد نہیں تھی ، انھوں نے طے کیا کہ وہ کسی خاتون کو معاوضہ دے کر اس کے رحم کو استعمال کریں گے اور اپنے لیے ایک بچہ حاصل کریں گے ۔ 1985 میں 20 ہزار ڈالر ادا کر کے انھوں نے میری بیتھ وہاٹ ہیڈ (Mary Beth Whitehead) سے معاہدہ کیا ۔ اس کے رحم میں مسٹر اسٹرن کا مادہ بذریعہ انجکشن داخل کر دیا گیا ۔ اس عمل کے ذریعہ ایک بچی پیدا ہوئی ۔ اب مسزو ہائٹ ہیڈ کی مامتا جاگ اٹھی ۔ اس نے بچی کو مسٹر اسٹرن اور مسز اسٹرن کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ۔ یہ معاملہ عدالت تک پہنچا ۔ عدالت نے اس کو معاہدہ (Contract) کا معاملہ قرار دے کر بچی کو مسٹر اسٹرن کے حوالے کیے جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ پانچ پولیس کے آدمیوں کو لے کر مسزو ہائٹ ہیڈ کے گھر آئے تو خاتون بچی کو لے کر گھر کے پچھلے دروازے سے بھاگ گئی ۔ تاہم وہ دوسرے شہر میں پکڑی گئی اور آخر کار بچی اسٹرن اور مسز اسٹرن کے حوالے کر دی گئی ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader