Urdu book · خاتونِ اسلام

خاتونِ اسلام

Urdu book, p. 250

By Maulana Wahiduddin Khan

کٹ گیا تھا اور وہاں کوئی نہیں تھا جو یہود کے مقابلے میں ہماری مدافعت کرے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام مسلمان دشمن کے مقابلے پر تھے، وہ ان کو چھوڑ کر ہماری طرف نہیں آسکتے تھے۔ اتنے میں آنے والا یہودی سامنے سے گزرا۔ میں نے کہا اے حسان! دیکھو یہ یہودی ہمارے قلعے کا چکر لگا رہا ہے اور میں خدا کی قسم اس سے مامون نہیں۔ کہیں وہ ہماری اس غیر محفوظ حالت کو یہودیوں سے جا کر کہہ نہ دے، اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب جنگ میں مشغول ہیں۔ پس اترو اور اس کو جا کر قتل کر دو۔ حسان بن ثابت نے کہا: واللّٰہِ لَقَدْ عَرَفْتُ مَا أَنَا بِصَاحِبِ هَذَا (خدا کی قسم تم کو معلوم ہے کہ میں اس کام کا نہیں)۔ وہ کہتے ہیں کہ جب انھوں نے مجھ کو یہ جواب دیا اور میں نے ان کے پاس مارنے کی کوئی چیز نہ دیکھی تو میں کمر سے کپڑا کسا اور ایک لکڑی ہاتھ میں لی۔ پھر قلعے سے اتر کر اس کے پاس پہنچی اور اس لکڑی سے اس کو مارنا شروع کیا۔ یہاں تک کہ میں نے اس کو ہلاک کر دیا۔ پھر جب میں اس سے فارغ ہوگئی تو میں قلعے میں واپس آئی اور حسان بن ثابت سے کہا کہ قلعے سے اتر کر جاؤ اور اس کا سامان لاؤ۔ میں صرف اس لیے اس کا سامان اتارنے سے رک گئی کہ وہ مرد تھا۔ حسان بن ثابت نے کہا: اے عبدالمطلب کی بیٹی؛ مجھے اس کے سامان کی ضرورت نہیں۔ (البدایہ والنہایہ، جلد 4، صفحہ 109-108) خدا کی مدد ہجرت کے چھٹے سال حدیبیہ کے مقام پر جو دس سالہ معاہدہ کیا گیا، اس کی ایک دفعہ تھی۔" قریش کا جو شخص اپنے ولی کی اجازت کے بغیر بھاگ کر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جائے گا۔ اس کو آپ واپس کر دیں گے اور آپ کے ساتھیوں میں سے جو شخص قریش کے پاس چلا جائے گا اس کو وہ واپس نہ کریں گے؛ اس معاہدے کی تکمیل کے وقت قریش کی نمائندگی سہیل بن عمرو کر رہے تھے معاہدہ ابھی لکھا ہی جا رہا تھا کہ سہیل بن عمرو کے لڑکے

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page