Urdu book · خاتونِ اسلام

متوازن تعلیم

Urdu book, p. 283

By Maulana Wahiduddin Khan

انسانیت کے لیے عذاب ۔ عورت اور مرد کے حقوق کا معاملہ، باعتبارِ حقیقت، کسی فقہی فہرست کا معاملہ نہیں ہے۔ بلکہ حسنِ معاشرت کا معاملہ ہے۔ اس سلسلہ میں جو ” فہرست “ بتائی گئی ہے وہ اسی حسنِ معاشرت کے علامتی پہلو ہیں، نہ کہ بذات خود کوئی مکمل فہرست۔ حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے معاملات میں کبھی کوئی مکمل فہرست نہیں بنائی جا سکتی۔ اسلام یہ چاہتا ہے کہ دونوں فریق فطری حقیقتوں کا اعتراف کریں۔ دونوں فریق حقوق سے زیادہ ذمہ داریوں پر نگاہ رکھیں۔ دونوں فریق اپنی ذات سے زیادہ مشترک مقصد (خاندانی نظام کی برقراری ) کو اصل اہمیت کی چیز بنائیں اور اس مقصد کی خاطر ہر ذاتی قربانی کے لیے ہمیشہ تیار رہیں ۔ اچھا گھر اچھا مزاج رکھنے والے لوگوں کے ذریعہ بنتا ہے۔ ایک اچھے خاندان کی تعمیر وہ مرد اور عورت کرتے ہیں جو اس سے پہلے خود اپنے شعور کی تعمیر کر چکے ہوں۔ شادی شدہ زندگی کی کامیابی کا راز ”فہرست احکام “ سے واقفیت سے زیادہ اس پر منحصر ہے کہ عورت اور مرد ” حقائقِ حیات “ سے واقف ہوں۔ جو لوگ زندگی کی حقیقتوں کو جانیں وہ کبھی ناکام نہیں ہو سکتے۔ اور جو لوگ زندگی کی حقیقتوں کو نہ جانیں ، ان کے لیے اس دنیا میں کامیاب ہونا بھی مقدر نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page