Urdu book · خدا کی دریافت

ذہین کائنات

Urdu book, p. 210

By Maulana Wahiduddin Khan

ذہین کائنات نظام شمسی سورج اور ان تمام غیر روشن اجرام فلکی کے مجموعے کو کہتے ہیں، جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر سورج کی ثقلی گرفت (gravitational pull) میں ہیں، اور سورج کے ارد گرد اپنے مخصوص مدار میں گھوم رہے ہیں۔ معلوم نظام شمسی ابھی تک صرف ایک ہے، جس میں ہماری زمین واقع ہے۔ تاہم علمائے فلکیات کا قیاس ہے کہ اس قسم کے مزید ایک ملین نظام شمسی کا ئنات میں ہو سکتے ہیں۔ کہکشاں اس مجموعے کو کہتے ہیں جس میں روشن ستارے ایک خاص نظام کے اندر گردش کر رہے ہیں۔ ہماری قریبی کہکشاں (Milky Way) جو رات کے وقت لمبی سفید دھاری کی شکل میں دکھائی دیتی ہے، اس کے اندر تقریباً ایک کھرب ستارے ہیں۔ ہمارا نظام شمسی (solar system) اسی میں واقع ہے۔ سورج ہماری کہکشاں کی پلیٹ پر اپنے تمام سیاروں کو لیے ہوئے 175 میل فی سیکنڈ کی رفتار سے گردش کر رہا ہے۔ یہ کہکشاں اتنی وسیع ہے کہ سورج کے اس تیز رفتار سفر کے باوجود کہکشاں کے مرکز کے گرد ایک چکر کو پورا کرنے میں ہمارے نظام شمسی کو 20 کروڑ سال لگ جاتے ہیں۔ اس قسم کی ایک بلین سے زیادہ کہکشائیں وسیع کائنات میں پائی جاتی ہیں، اور ہر کہکشاں کے اندر کئی بلین انتہائی بڑے بڑے ستارے موجود ہیں۔ کہکشاں کے اندر ستارے انتہائی بعید فاصلوں پر واقع ہیں۔ ہمارے سورج سے قریب ترین ستارے کی روشنی جو ایک لاکھ چھیاسی ہزار میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کر رہی ہو، زمین تک اس کے پہنچنے میں 4 سال سے بھی زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page