Urdu book · خدا کی دریافت

کائنات کی نشانیاں

Urdu book, p. 241

By Maulana Wahiduddin Khan

”ستارے‘‘ قدیم زمانے سے شعرا کے حسین تخیلات کا مرکز رہے ہیں۔ ”چاند‘‘ کو انسان دیوتا کے روپ میں دیکھتا رہا ہے۔ مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ستارے ہیبت ناک آگ کے شعلے ہیں، اور چاند اور دوسرے سیارے محض خشک چٹانیں ہیں، جن پر پانی کا ایک قطرہ یا درخت کا ایک پتہ بھی نہیں۔ کائنات انتہائی وسیع ہونے کے باوجود انسان جیسی مخلوق کے لیے انتہائی طور پر غیر موافق ہے۔ ساری معلوم کائنات میں صرف زمین ہی ایک ایسا سیارہ ہے، جہاں انسان زندہ رہتا ہے، اور تمدن کی تعمیر کرتا ہے۔ بے حد و وسیع کائنات میں زمین کا استثنا واضح طور پر ایک ذی شعور ہستی کے وجود کا ثبوت ہے، جس نے بالا ارادہ زمین پر استثنائی حالات پیدا کیے ۔ سائنس داں تقریباً نصف صدی سے اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ خلا میں زمین سے ملتے جلتے دوسرے سیارے دریافت کریں تا کہ یہ ثابت ہو سکے کہ ہماری زمین کا کائناتی استثنا نہیں ہے، بلکہ اس طرح کے حالات کم یا زیادہ دوسرے سیاروں پر بھی پائے جاتے ہیں۔ بالفاظ دیگر، زمین کا خالق قانون ارتقا ہے، نہ کہ کوئی خدا۔ مگر یہ تلاش کھرب ہا کھرب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود ابھی تک ناکامی کے سوا کسی اور مقام تک نہ پہنچ سکی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page