Urdu book · خدا کی دریافت

ریموٹ کنٹرول

Urdu book, p. 275

By Maulana Wahiduddin Khan

ریموٹ کنٹرول موجودہ زمانے نے انسانی ڈکشنری میں جن نئے الفاظ کا اضافہ کیا ہے، ان میں سے ایک ریموٹ کنٹرول (remote control) ہے۔ یعنی دور سے کسی ظاہری واسطے کے بغیر کنٹرول کرنا: Remote control is a system of controlling a machine or a vehicle from a distance by using radio or electronic signals. موجودہ زمانے میں بہت سی ایسی صورتیں پیدا ہوگئی ہیں، جن میں سگنل یا پیغام تاروں پر نہیں بھیجا جا سکتا۔ مثلاً حرکت کرنے والی سواریاں جیسے ہوائی جہاز یا خلائی جہاز، وغیرہ۔ ان حالات میں مشین کو حسبِ منشا چلانے کے لیے ریموٹ کنٹرول یا ریڈیو کنٹرول کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں کوڈ کی صورت میں سگنل بھیجے جاتے ہیں۔ متعلقہ مشین میں ایک رسیور ہوتا ہے جو مطلوبہ فریکوئنسی پر اس کو وصول کرنے کے لیے ہر آن متحرک رہتا ہے۔ موجودہ زمانے میں یہ طریقہ بہت سے کاموں میں کثرت سے استعمال ہونے لگا ہے۔ ریموٹ کنٹرول کا طریقہ اب اس حد تک ترقی کر چکا ہے کہ خلا میں اپنے مدار پر گھومنے والی مشینوں کو زمین سے نہایت صحت کے ساتھ ہدایات بھیجی جاتی ہیں، اور ان کی نگرانی کی جاتی ہے۔ اگر ان کے اندر کوئی خرابی پیدا ہو جائے تو کسی مادی واسطے کے بغیر محض ریڈیائی لہروں کے ذریعے ان کو زمین ہی سے درست کر دیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ اس ایجاد نے تخریب کاروں کو بھی جدید مواقع فراہم کر دیے ہیں۔ چنانچہ 25 مئی 1985 کو امیر کویت کی موٹر کار کے پاس جو بم پھٹا، وہ ریموٹ سے کنٹرول کیا جانے والا ایک بم (remote-controlled bomb) تھا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page