خدا کی دریافت
Urdu book, p. 281
By Maulana Wahiduddin Khan
اس سلسلے میں اتحادیوں کا فوجی منصوبہ اسٹالن کے سامنے رکھا، جس کا خفیہ نام ٹارچ (Torch) رکھا گیا تھا۔ اسٹالن چونکہ خود بھی ہٹلر کی بڑھتی ہوئی یلغار سے خائف تھا، اس نے اس فوجی منصوبے میں گہری دلچسپی لى۔ چرچل کا بیان ہے کہ منصوبے کی تشریح کے ایک خاص مرحلے پر جب کہ اسٹالن کی دلچسپیاں اس سے بہت بڑھ چکی تھیں ۔ اس کی زبان سے نکلا ــــ خدا اس منصوبے کو کامیاب کرے : “May God prosper this undertaking” (Winston S. Churchill, The Second World War, (Abridgement) Cassell & Company, London, 1965, p. 603) اسٹالن کی بیٹی سویٹلانا (Svetlana Alliluyeva) روسی ڈکٹیٹر اسٹالن کی بیٹی تھی ۔ اس کی پیدائش 1926 کو ہوئی، اشتراک کی دنیا سے مایوس ہو کر 1966 میں وہ ہندوستان آئی تھی۔ پھر وہ یورپ چلی گئی ، اور 2011 میں اس کی وفات ہوئی۔ اس نے عیسائیت کو اختیار کر لیا تھا۔ اپنے سچائی کے تلاش کا واقعہ لکھتے ہوئے وہ اپنی کتاب "صرف ایک سال" (Only One Year) میں لکھتی ہے کہ میں ماسکو میں غیر مطمئن تھی، اور اپنے قلب کی تسکین کے لیے کوئی چیز ڈھونڈ رہی تھی۔ وہ چیز مجھے بائبل کے ان جملوں میں مل گئی۔ اے خداوند! تو میری روشنی اور نجات دہندہ ہے۔ مجھے تو کسی سے بھی نہیں ڈرنا چاہیے ۔ خداوند میری زندگی کے لیے محفوظ پناہ گاہ ہے۔ پس میں کسی بھی شخص سے خوف نہیں کھاؤں گا۔ ہو سکتا ہے کہ شریر لوگ مجھ پر چڑھائی کریں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ مجھ پر حملہ کریں گے ، اور مجھے نیست و نابود کر دیں گے ، لیکن وہ ٹھوکر کھائیں گے اور گریں گے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader