Urdu book · خدا کی دریافت

مذہب کی طرف واپسی

Urdu book, p. 293

By Maulana Wahiduddin Khan

مذہب کی طرف واپسی امریکہ کے ٹائم میگزین (8اپریل 1966) کی کور اسٹوری (خصوصی مضمون) کا عنوان تھا ”کیا خدا مر چکا ہے“ یہ نصف صدی پہلے کی بات تھی۔ اب خود مغربی دنیا میں ایسی کتابیں اور مضامین مسلسل شائع ہو رہے ہیں جن کا عنوان اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ماہنامہ اسپان (دسمبر 1984) میں ایک مفصل رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس کی سرخی کے الفاظ یہ ہیں ”مذہب کی طرف واپسی“۔ یہ رپورٹ اس مضمون کے آخر میں نقل کی جارہی ہے۔ اس کا خلاصہ یہاں درج کیا جاتا ہے۔ اس کے مطابق امریکہ اور دوسرے مغربی ملکوں میں مختصر وقفے کے بعد مذہب از سر نو زندہ ہو رہا ہے۔ کالجوں میں دینیات کی کلاس جو پہلے خالی رہتی تھی، اب بھری رہتی ہے۔ چرچ اور سیناگ (یہودی عبادت خانہ) میں جانے والوں کی تعداد کئی گناہ بڑھ گئی ہے۔ مذہبی لٹریچر پڑھنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ مذہب کے نام پر کانفرنسیں کثرت سے منعقد کی جارہی ہیں۔ ایک پروفیسر کے الفاظ میں، یہاں مذہب میں دلچسپی کا حیرت ناک احیا ہوا ہے۔ ایک مغربی دانشور جس نے 1965 میں ”سیکولر شہر“ نامی کتاب میں بتایا تھا کہ لوگوں نے مقدس چیزوں میں اپنی دلچسپی کھو دی ہے، اب وہ اپنی دوسری کتاب ”سیکولر دنیا میں مذہب“ میں دکھار ہا ہے کہ مذہب میں لوگوں کی دلچسپی از سر نو بحال ہوگئی ہے۔ دانشور طبقہ جو عرصے سے شک کی بنا پر مذہب کو نظر انداز کیے ہوئے تھا، وہ مذہب کی طرف دوبارہ دیکھنے لگا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page