سائنس کی واپسی
Urdu book, p. 66
By Maulana Wahiduddin Khan
توسیع (expansion) کی ابتدائی رفتار حد درجہ صحت کے ساتھ مقرر کی گئی ہے۔ کیوں کہ توسیع کی یہ رفتار اس نازک رفتار (critical rate) کے انتہائی قریب ہے، جو کائنات کو دوبارہ انہدام (recollapse) سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر بگ بینگ کا ماڈل درست ہے، اور اسی سے وقت کا آغاز ہوا ہے تو کائنات کی ابتدائی حالت حد درجہ احتیاط کے ساتھ منتخب کی گئی ہوگی۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو اب تک کا ئنات پھٹ کر ختم ہو چکی ہوتی۔ اس ظاہرے (phenomenon) کی کوئی توجیہ (explanation) نہیں کی جاسکتی جب تک یہ نہ مانا جائے کہ کائنات کی توسیع کی شرح رفتار (rate of expansion) حد درجہ احتیاط کے ساتھ منتخب کی گئی ہے۔ اسٹیفن ہاکنگ نے اس قسم کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ کائنات کیوں ٹھیک اس انداز پر شروع ہوئی، اس کا جواب دینا انتہائی مشکل ہوگا، سوائے اس کے کہ یہ مانا جائے کہ یہ خدا کا عمل ہے، جس نے چاہا کہ وہ ہمارے جیسی مخلوق کو یہاں پیدا کرے: It would be very difficult to explain why the universe should have begun in just this way, except as the act of a God who intended to create beings like us. (p. 134) کائنات کی ایک حیرت ناک صفت یہ ہے کہ وہ خدائی تعبیر کے سوا کسی اور تعبیر کو قبول نہیں کرتی۔ کائنات ایک معلوم اور مشہور واقعہ ہے۔ اس کے وجود سے انکار ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر زمانے میں بہترین دماغ اس کی تشریح و تعبیر میں مصروف رہے ہیں۔ کسی نے کہا کہ کائنات ہمیشہ سے اسی طرح ہے۔ کسی نے کہا کہ وہ اپنے آپ بنی اور اپنے آپ چلی جارہی ہے۔ کسی نے کہا کہ اسباب و علل (causes and effects) کا ایک سلسلہ ہے،

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader