Urdu book · کتابِ معرفت

محبت الہی

Urdu book, p. 415

By Maulana Wahiduddin Khan

تعلق باللہ خدا کو ایک خارجی حقیقت کے طور پر دریافت کرنا کافی نہیں ہے۔ خدا کے ساتھ گہرا تعلق صرف اُس وقت قائم ہوتا ہے، جب کہ آدمی خدا کی رحمتوں کو اپنی ذات کی سطح پر دریافت کرے۔ اس معاملے کو ایک لفظ میں پرسنلائزیشن آف ڈیوائن بلستنگس (personalization of divine blessings) کہا جا سکتا ہے۔ مثلاً ہر آدمی کو اپنے ماں باپ سے گہرا تعلق ہوتا ہے۔ کیوں کہ آدمی یہ سوچتا رہتا ہے کہ میرے ماں باپ نے میرے ساتھ یہ کیا اور میرے ماں باپ نے میرے ساتھ وہ کیا۔ اس قسم کی سوچ جب خدا کے بارے میں پیدا ہو جائے تو اسی کا نام تعلق باللہ ہے۔ موجودہ دنیا اپنے تمام اجزا کے ساتھ خدا کے انعامات کا ظہور ہے۔ سوچنے والے انسان کے لیے اُس کا ہر تجربہ اور ہر مشاہدہ خدا کے آفاقی انعامات کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دریافت بھی کافی ہے کہ انسان خدا کو اپنا منعم سمجھے۔ وہ خدا کا شکر کرنے والا بندہ بن جائے لیکن یہ احساس اُس وقت بہت زیادہ شدید ہو جاتا ہے جب کہ انسان ان نعمتوں کو اپنی ذات کی سطح پر دریافت کرے۔ پہلی دریافت آدمی کو یہ الفاظ دیتی ہے کہ۔ خدایا، تو نے انسان کے اوپر کتنا زیادہ انعام فرمایا ہے۔ لیکن جب آدمی دوسری نوعیت کی دریافت کا تجربہ کرے تو وہ بے اختیار ہو کر پکار اٹھے گا کہ خدایا، تو میرے اوپر کتنا زیادہ مہربان ہے۔ تو نے مجھ کو وہ نعمتیں بھی دیں جن کو میں جانتا تھا، اس کے علاوہ تو نے مجھ کو مزید وہ بے شمار نعمتیں عطا کر دیں جن کو میں نہ جانتا تھا اور نہ میں اُن کا طلب گار بن سکتا تھا۔ انسان سے سب سے زیادہ جو چیز مطلوب ہے، وہ اللہ سے گہرا تعلق ہے۔ یہ گہرا تعلق صرف گہری سوچ (deep thinking) کے ذریعے پیدا ہو سکتا ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ خدا کی نعمتوں کو اپنی ذات کی سطح پر دریافت کرے۔ اس قسم کی ذاتی دریافت ہی کسی آدمی کے اندر گہرا تعلق باللہ پیدا کر سکتی ہے۔ خدا سے اسی گہرے تعلق کو قرآن میں حب شدید کہا گیا ہے : اَلَّذِيْنَ اَمَنُوَا اَشَدُّ حُبًّا لِلَّهِ (165 : 2)۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page