Urdu book · کتابِ معرفت

محبت الہی

Urdu book, p. 416

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا کی قربت پلاسٹک سرجری (plastic surgery) کی ایک اصطلاح ہے۔ اس کو آٹو گریٹنگ (auto grafting) کہا جاتا ہے۔ کسی آدمی کے جسم کے کسی حصے میں اگر گریٹنگ کرنا ہو تو اس کے اپنے جسم ہی کے کسی حصے کی کوئی کھال (skin) نکال کر اُس مقام پر لگائی جاتی ہے۔ کسی دوسرے آدمی کے جسم کی کھال اس کام کے لیے کارآمد نہیں۔ اس کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر ولیم بانڈ (William Boyd) نے لکھا ہے ۔ خودی غیر خودی کو قبول نہیں کرتی: Self will not accept not-self آخرت میں سب سے زیادہ خوش نصیب وہ لوگ ہوں گے جن کو وہاں خدا کی ہم نشینی ملے، جو خدا کے پڑوس (neighbourhood) میں آباد کئے جائیں۔ یہ خوش قسمت انسان کون ہوگا، یہ وہ انسان ہوگا جو دنیا میں خدائی طرزِ زندگی اختیار کرے، جو خدا کی پسند کو اپنی پسند بنائے، جو خدا کے اخلاقی معیار پر پورا اترے۔ یہ اعلیٰ صفات صرف اُس انسان کے اندر پیدا ہوسکتی ہیں جو اپنے شعور کو اتنا زیادہ ترقی دے کہ وہ خدا کی معرفت کا اعلیٰ ادراک کر سکے۔ موت سے پہلے کی زندگی تیاری کے دور (preparatory period) کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہاں آدمی کو یہ کرنا ہے کہ وہ خدا کی پسند کو دریافت کرے اور پھر اپنی پوری شخصیت کی تعمیر اس خدائی پسند کے مطابق کرے ۔ اس کا سوچنا ، اس کا بولنا، اس کے سلوک اور آداب ، اس کا پورا لائف اسٹائل (life style)، خدا کے رنگ میں رنگ جائے۔ اس معاملے میں انسان اتنا زیادہ حساس ہو کہ وہ کسی بھی ملاوٹ کو قبول نہ کرے ۔ یہی ربانی شخصیت ہے، اور جن لوگوں نے اپنے اندر اس قسم کی ربانی شخصیت کی تشکیل کی ، وہی وہ خوش قسمت لوگ ہیں جو آخرت کی ابدی زندگی میں خداوند ذوالجلال کے پڑوس میں جگہ پائیں گے ۔ خودی غیر خودی کو قبول نہیں کرتی ، اسی طرح خدا غیر خدائی انسان کو قبول نہیں کرے گا۔ آخرت کی ابدی دنیا میں صرف خدائی انسان ہوں گے جو خدا کے پڑوس میں جگہ پانے کی سعادت حاصل کریں گے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page