Urdu book · کتابِ معرفت

محبت الہی

Urdu book, p. 437

By Maulana Wahiduddin Khan

محاسبہ کے بغیر بہت سے لوگ ہیں جو خدا کے وجود کو مانتے ہیں، لیکن وہ آخرت پر یقین نہیں رکھتے۔ اس قسم کا عقیدہ خدا بلا شبہ ایک غیر مطلوب عقیدہ ہے۔ خدا کے بارے میں درست عقیدہ صرف وہ ہے جس میں آدمی مواخذہ (accountability) کے تصور کو مانتا ہو، یعنی موت کے بعد خدا کے سامنے حاضری اور اپنے تمام اعمال کی جواب دہی۔ محاسبہ اور مواخذہ کے تصور کے بغیر خدا کو ماننا، خدا کا مطلوب عقیدہ نہیں۔ خدا کے وجود کے بارے میں غیر مسلم حضرات نے ایسی کتابیں چھاپی ہیں جو مسلم مصنفین سے بہت زیادہ بہتر ہیں، مگر ان کتابوں میں محاسبہ آخرت حذف ہے۔ البتہ خدا کے عقیدے کو پرزور طور پر بیان کیا گیا ہے۔ مثلاً درج ذیل دو کتابیں: 1. Man Does not Stand Alone by Dr. Cressy Morrison 2. Evidence of God in an Expanding Universe, Compiled by John Clover Monsma موخر الذکر کتاب کا ترجمہ مختلف زبانوں میں ہو چکا ہے۔ مثلاً اللہ يتجلی فی عصر العلم (عربی)۔ حقیقت یہ ہے کہ محاسبہ آخرت کے تصور کے بغیر خدا کو ماننا یا اس پر لکھنا اور بولنا ایک قسم کی روحانی شاعری (spiritual song) ہے۔ اس سے زیادہ اس کی کوئی حقیقت نہیں۔ خدا پر درست عقیدہ وہ ہے، جس میں آدمی خدا کو خالق اور رب ماننے کے ساتھ اس کو محاسب بھی مانتا ہو، یعنی ایسا خدا جو اس کا مواخذہ کرے، اور جو سزا و جزا کا اختیار رکھتا ہو۔ خدا کا درست عقیدہ وہ ہے، جس میں خدا کے تصور سے آدمی کا دل دہل اٹھے (الانفال، 8:2) ، اور اس کے بدن کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں (الزمر، 39:23)۔ خدا کا درست عقیدہ وہ ہے جو آدمی کے دماغ میں طوفان بن کر داخل ہو، جو آدمی کے دل کو مستقل تڑپ میں مبتلا کر دے۔ عشق الہی اور جلوۂ الہی کا تصور اس قسم کی مطلوب کیفیت پیدا نہیں کر سکتا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page