Urdu book · کتابِ معرفت

خدا کا پڑوس

Urdu book, p. 503

By Maulana Wahiduddin Khan

جنت کا تمدنی تعارف قرآن کی سورہ محمد میں بتایا گیا ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو آخرت کی دنیا میں جنت میں داخلے کے مستحق قرار پائیں گے۔ اس سلسلے میں قرآن میں یہ آیت آئی ہے : وَيُدْخِلُهُمُ الْجَنَّةَ عَرَّفَهَا لَهُمْ (47: 6)۔ یعنی اللہ اُن کو جنت میں داخل کرے گا جس کی اُس نے اُنھیں پہچان کرا دی ہے۔ اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ جنت کی پہچان سے جنت میں داخلے کا استحقاق پیدا ہوتا ہے۔ موجودہ دنیا میں جو لوگ جنت کو پہچان کے درجے میں پالیں، وہی وہ لوگ ہیں جو آخرت میں واقعہ کے طور پر جنت کے داخلے کے مستحق قرار پائیں گے۔ جس آدمی کی معرفت اتنی گہری ہو کہ وہ جنت کا حریص بن جائے، وہ جنت کے اشتیاق میں جینے لگے، ایسا آدمی اسی دنیا میں جنت کا تعارف حاصل کر لیتا ہے۔ وہ دیکھنے سے پہلے جنت کو دیکھنے لگتا ہے۔ وہ داخلے سے پہلے جنت کا ادراک کر لیتا ہے۔ جنت کا یہ تعارف کسی آدمی کو ابتداء قرآن کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ قرآن سے کسی آدمی کے اندر جنتی غور وفکر کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ اس کے بعد جنت کے عملی تعارف کے لیے دو خاص ذریعے ہیں ـــــ فطری تعارف، اور تمدنی تعارف۔ فطری تعارف سے مراد وہ تعارف ہے جو مناظرِ فطرت کے ذریعے کسی انسان کو حاصل ہوتا ہے۔ فطرت کے مناظر گویا کہ جنت کا بعید تعارف ہیں۔ جنت کا تمدنی تعارف پہلی بار موجودہ زمانے میں ممکن ہوا ہے۔ جدید تہذیب نے جو ترقی یافتہ دنیا بنائی ہے، وہ گویا کہ جنت کا تمدنی تعارف ہے۔ جدید تہذیب (modern (civilization کی پیدا کردہ مادی سہولتیں گویا کہ جنت کی پُراحت دنیا کا ابتدائی تجربہ کرا رہی ہیں۔ مناظرِ فطرت کے ذریعے گویا کہ خود خالق کی طرف سے جنت کے تعارف کا اہتمام کیا گیا ہے ــــ انسان کے اندر اگر معرفت کا شعور بیدار ہو چکا ہو تو وہ مناظر فطرت میں جنت کے باغوں کو دیکھے گا، اور جدید تمدنی ترقیوں کے ماحول میں جنت کا ابتدائی مشاہدہ کرے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page