Urdu book · کتابِ معرفت

آخرت کا سفر

Urdu book, p. 547

By Maulana Wahiduddin Khan

موت کیا ہے موت ایک ایسی سنگین حقیقت ہے جس کا سامنا ہر عورت اور مرد کو لازماً کرنا ہے۔ کوئی بھی چھوٹایا بڑا، کمزور یا طاقت ور اس عام قانون سے مستثنیٰ نہیں۔ موت کیا ہے— موت ایک لفظ میں، موجودہ دنیا سے جبری اخراج ہے اور اگلی دنیا میں جبری داخلہ: Death is a compulsory exit from this world and a compulsory entrance to the next world. زندگی ایک سفر ہے اور موت اس سفر کا اختتام۔ موت کا مطلب یہ ہے کہ آدمی موجودہ دنیا سے نکل کر آخرت کی دنیا میں داخل ہو جائے۔ یہ داخلہ ایک ابدی داخلہ ہے۔ دوسرے سفروں میں واپسی ممکن ہوتی ہے، لیکن موت کا سفر ایک ایسا سفر ہے جس کے بعد پچھلی دنیا کی طرف واپسی ممکن نہیں۔ موت کا یہ پہلو اتنا سنگین ہے کہ، حدیث کے الفاظ میں، وہ ہر قسم کی لذتوں کو ڈھا دینے والا ہے۔ جو آدمی موت کو حقیقی طور پر یاد رکھے، وہ دنیا میں رہتے ہوئے آخرت میں جینے لگے گا۔ موت ایک ایسا واقعہ ہے جب کہ آدمی اچانک اکیلا ہو جاتا ہے۔ اس کا گھر، اس کا خاندان، اس کے ساتھی، اس کا کاروبار، اس کی شہرت و عظمت ہر چیز اچانک اس سے الگ ہو جاتی ہے۔ وہ ایک ایسی جگہ پہنچ جاتا ہے، جہاں وہ مکمل طور پر بے سہارا ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ دنیا میں اس کے لیے یہ موقع تھا کہ وہ یہاں کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنے لیے ایک دنیا کی تعمیر کرے، موت کے بعد یہ تمام ذرائع اس کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔ اگر وہ چاہے کہ وہ دوبارہ اپنی زندگی کا نیا منصوبہ بنائے اور پھر سے اپنی زندگی کی تشکیل کرے، تو آخرت کے عالم میں ایسا ہونا ممکن نہیں۔ موت زندگی کا خاتمہ نہیں۔ موت ایک نئے دورِ حیات کا آغاز ہے۔ عقل مند وہ ہے جو آج کے ملے ہوئے مواقع کو کل کے لیے استعمال کرے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page