آخرت کا سفر
Urdu book, p. 592
By Maulana Wahiduddin Khan
موت کا واقعہ ہر عورت اور ہر مرد کو موت (death) کا سامنا کرنا ہے، کسی کو آج موت آنے والی ہے اور کسی کو کل۔ موت ہر پیدا ہونے والے انسان کا سب سے زیادہ بھیا نک مسئلہ ہے۔ موت کا مطلب ہے— موجودہ دنیا سے کامل طور پر منقطع ہو جانا: Death means total detachment from the present world. موت کا مطلب یہ ہے کہ آدمی کا اپنا وہ جو تو اس کے ساتھ رہتا ہے، لیکن بقیہ تمام چیزیں اس سے مکمل طور پر چھن جائیں— گھر، خاندان، ساتھی، سامان حیات، آدمی کی تاریخ، غرض سب کچھ اچانک اس سے اس طرح چھین جائے کہ دونوں ہمیشہ کے لئے ایک دوسرے سے جدا ہو جائیں۔ حقیقت یہ ہے کہ موت ہر عورت اور مرد کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہر انسان کو یہ سوچنا ہے کہ موت کے بعد اس کے ساتھ کیا پیش آئے گا۔ ہر انسان کو اُس دن کی تیاری کرنا ہے جب کہ وہ موجودہ دنیا میں زندگی کا سفر طے کر کے وہاں پہنچے گا، جہاں اُس کے پیچھے وہ دنیا ہو گی جس کو وہ ہمیشہ کے لیے چھوڑ چکا، اور اس کے آگے وہ دنیا ہوگی جہاں سے لوٹنا اس کے لیے ممکن نہیں۔ یہ لمحہ ہر عورت اور مرد پر آنے والا ہے۔ اس معاملے میں کسی عورت یا مرد کا کوئی استثناء نہیں۔ یہی وہ مسئلہ ہے جس کے بارے میں ہر عورت اور مرد کو سب سے زیادہ سوچنا چاہیے۔ مزید یہ کہ موت کے بعد آنے والے دورِ حیات میں یہ ممکن نہ ہوگا کہ آدمی دوبارہ عمل کرے، وہ دوبارہ اپنے لیے ایک نئے مستقبل کی تعمیر کرے۔ عمل کا موقع صرف موت سے پہلے والے دورِ حیات میں ہے۔ موت کے بعد والے دورِ حیات میں عمل نہیں ہے، بلکہ صرف انجام ہے۔ ہر آدمی کو چاہیے کہ موت کے بعد اس کے ساتھ جو کچھ پیش آنے والا ہے، اس کو وہ آج ہی جان لے، کیوں کہ موت کے بعد جاننے کا کوئی فائدہ نہ ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس معاملے میں جاننے والا صرف وہی شخص ہے جو موت سے پہلے اس کی حقیقت کو دریافت کرلے۔ موت کے بعد ہر شخص اس کی حقیقت سے باخبر ہو جائے گا، مگر اس وقت کا جاننا کوئی جاننا نہیں یہی ہر انسان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader