Urdu book · منصوبہ بند عمل

اسپین کا تجربہ

Urdu book, p. 46

By Maulana Wahiduddin Khan

یہ کرشمہ ری پلاننگ کا کرشمہ تھا۔ اسپین کے رہنماؤں نے وقت کی تبدیلی کو سمجھا، اور اس کے مطابق از سر نو اپنا نقشہ بنایا۔ اس معاملے میں اقتصادی مفادات کی بنا پر اسپین کی متعصّبانہ پالیسی بالکل ختم ہوگئی۔ یہاں تک کہ اب یہ حال ہے کہ اسپین میں دوبارہ مسلمان آباد ہو رہے ہیں، وہاں مسجدیں بنارہے ہیں۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں اسپین کے باشندوں میں اسلام کی اشاعت ہو رہی ہے۔ آج اسپین میں مسلمانوں کو ویلکم (welcome) کیا جارہا ہے۔ جب کہ اس سے پہلے مسلمان وہاں غیر مطلوب (unwanted) بن گئے تھے۔ اسپین کی اس ری پلاننگ میں مسلم دنیا کے لیے بہت بڑا سبق ہے۔ اسی طرح کی ری پلاننگ کے مواقع مصر میں، پاکستان میں، فلسطین میں، کشمیر میں، اور دوسرے مسلم علاقوں میں بڑے پیمانے پر موجود ہیں۔ اگر مسلمان دور جدید کے اس ظاہر ہ کو دریافت کرسکیں تو آج کی دنیا ان کے لیے موافق دنیا بن جائے گی، جس کو اب تک وہ ایک ناموافق دنیا سمجھے ہوئے ہیں۔ موجودہ زمانے کے مسلمان اسپین کے نام سے صرف الحمراء، اور قرطبہ جیسی یادگار کو جانتے ہیں۔ مگر اسپین میں مسلمانوں کے لیے اس سے بھی زیادہ بڑی چیز موجود ہے، اور وہ ہے ایک انقلابی پیغام وقت کے حقائق کو سمجھو، اور اس کے مطابق اپنے عمل کی ری پلاننگ کرو۔ اس کے بعد اچانک تم دیکھو گے کہ ساری دنیا میں ایک نیا دور آ گیا ہے، امیدوں اور مواقع کا دور۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page