Urdu book · مارکسزم: تاریخ جس کو رد کر چکی ہے

تاریخی مادیت کا فریب

Urdu book, p. 36

By Maulana Wahiduddin Khan

کر دیا کہ اگر ایک طرف آدمی اپنے ماحول کی مخلوق ہے تو دوسری طرف ماحول خود، اس کی کوششوں سے تبدیل ہو سکتا ہے۔ مارکس کے نظریہ کے مطابق، تاریخی واقعات کی دنیا میں مادیت کا کام یہ ہے کہ وہ اس امر کی تشریح کرے کہ کس طرح ماحول انہی انسانوں کے ہاتھوں میں تبدیل ہو سکتا ہے جو اس کی پیداوار ہے۔“ یہ دونوں باتیں ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ یہ ایسی ہی بات ہے جیسے یہ کہا جائے کہ پتھر بے دماغ بھی ہے اور سوچتا بھی ہے۔ اینٹ اپنے معماروں کے ہاتھ میں کھلونا بھی ہے اور خود اپنے آپ بھی مکان تعمیر کر سکتی ہے۔ زبان وہی بولتی ہے جو دماغ اس سے بولنے کے لیے کہے اور کبھی زبان، دماغ سے الگ ہو کر خود بھی تقریر شروع کر دیتی ہے۔ مگر اس مہمل نظریہ کو ہم کسی بحث کے بغیر تسلیم کر لیتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر نظریات و تصورات حالات سے الگ بھی پیدا ہوتے ہیں جو خود بھی حالات پر اثر انداز ہوتے ہیں اور اس کو مخصوص ہیئت عطا کرتے ہیں۔ اگر انسان خود بھی فطرت پر عمل کرتا ہے، اس پر اثر انداز ہوتا ہے اور اسے تبدیل کر سکتا ہے، اگر وہ صرف ماحول کا مخلوق نہیں، بلکہ اس کا خالق بھی ہے تو کس بنیاد پر یقین کیا جائے کہ ذاتی ملکیت کی تنسیخ کے بعد جو معاشی نظام قائم ہوگا اس میں انسان بالکل بدل جائے گا اور لوٹ کھسوٹ کے خیالات اس کے اندر نہیں پیدا ہوں گے۔ جب کہ انسان ماحول سے الگ ہو کر سوچتا ہے اور اس پر اثر انداز ہو سکتا ہے تو کیا یہ ممکن نہیں ہے کہ جن لوگوں کے ہاتھ میں آپ سوشلسٹ ریاست کی باگ ڈور عطا کریں، جن کو سارے ملک کی معاشیات کا انچارج بنائیں ان کا ذہن انھیں مفاد پرستی میں مبتلا کر دے۔ وہ موقع پا کر اسی طرح لوٹ کھسوٹ شروع کر دیں جس طرح جمہوری ممالک کے کارخانے دار اور منتظمینِ سلطنت کرتے ہیں۔ جب انسان اپنے ماحول کے مادی حالات کے خلاف بھی کسی چیز کا ارادہ کر سکتا ہے تو سوشلسٹ طریقِ پیدا وار کے متعلق کیسے یقین کر لیا جائے کہ وہ انسان کے طرزِ فکر اور اس کے اخلاق کو بدل دے گا۔ انسان کی خود فکری تسلیم کر لینے کے بعد آپ کے پاس وہ کون سی دلیل ہے جس کی بنا پر آپ کہہ سکیں کہ سوشلسٹ سماج میں انسان ظلم اور خود غرضی کی بات نہیں سوچے گا اور اختیارات کا غلط استعمال نہ کر سکے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page