Urdu book · مارکسزم: تاریخ جس کو رد کر چکی ہے

مارکس کے حل پر اصولی تنقید

Urdu book, p. 61

By Maulana Wahiduddin Khan

اس طرح سماج کے اندر ایک ایسی حیثیت حاصل کرلے جہاں سب کچھ اسی کے لیے ہو اور دوسرے کے لیے کچھ بھی نہ ہو۔ اس کا حل یہ ہے کہ نجی ملکیت کا خاتمہ کر دیا جائے اور رزق حاصل کرنے کے ذرائع کو سارے عوام کی ملکیت بنا دیا جائے۔ اس طرح رزق کے خزانوں پر چند افراد کی اجارہ داری خود بخود ختم ہو جائے گی اور زمین کی دولت اور جو کچھ اس زمین پر ہے، وہ زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کو ملنے لگے گی۔ کمیونزم کے اس حل کے پیچھے جو فلسفہ کام کر رہا ہے، ٹھیک یہی فلسفہ اس سے پہلے شخصی حکومتوں کے خلاف جمہوریت کے نام سے اختیار کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ نظریہ پیش کیا گیا کہ سیاسی اختیارات زندگی میں اصل فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ جس کے ہاتھ میں ہوں وہ دوسروں کو اپنا غلام بنا لیتا ہے اور سماج کے تمام اداروں کو سماج کی خدمت کرنے کے بجائے اپنی خدمت کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ اس لیے عام پبلک کو حقیقی معنوں میں آزاد کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی اختیارات چند لوگوں کے ہاتھ میں نہ ہوں بلکہ سارے عوام کے ہاتھ میں ہوں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی اختیارات سارے عوام کا حق ہیں اس لیے شاہی خاندان کے چند افراد کے بجائے سارے عوام کی حکومت ہونی چاہئے ۔ لوگوں پر جو مظالم ہو رہے ہیں اور ایک محدود طبقہ کو زندگی کے ہر شعبہ میں جو ترجیحات حاصل ہو گئی ہیں وہ اسی لیے ہیں کہ اختیارات پر چند افراد کا قبضہ ہے۔ اگر اختیارات تمام لوگوں کے قبضہ میں دے دیئے جائیں تو یہ ظلم خود بخود ختم ہو جائے گا۔ جان کا لوین (۶۲۔۱۵۰۹) جمہوری طرز حکومت کا حامی تھا۔ اس کا خیال تھا کہ اس قسم کی حکومت میں مخالفت اور باہمی کش مکش دونوں ختم ہو جائیں گے، کیوں کہ خود عوام ہی تو حاکم ہوں گے، پھر کون مخالفت کرے گا، کون کس پر ظلم کرے گا۔ دوسرے لفظوں میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ اشتراکی حضرات معاشی اختیارات کو سماج کی ملکیت بنا دینا چاہتے ہیں اور وہ لوگ سیاسی اختیارات کو سماج کی ملکیت بنانے کے علم بردار تھے۔ یہ تحریک بڑے زور و شور کے ساتھ سترھویں صدی میں فرانس سے اٹھی اور بالآخر ساری دنیا پر چھا گئی۔ کیا سیاسی اختیارات کو عوامی ملکیت بنانے کا یہ اصول کامیاب ہوا۔ اس کے جواب میں مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ خود اشتراکی حضرات

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page