فریب پر حماقت کا اضافہ
Urdu book, p. 78
By Maulana Wahiduddin Khan
کرنے کے بعد لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ اس نظریہ کو ترک کرنے کے بعد ملکیتی نظام کی تبدیلی کو لوٹنے والے طبقہ کی تبدیلی تو کہا جا سکتا ہے مگر اس کو سماجی اصلاح کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ آپ مارکس کے طبقاتی نظریہ کو نہیں مانتے۔ آپ کا خیال ہے کہ ذرائع و وسائل کسی طبقہ کے بجائے عوام کے اختیارات میں ہونے چاہئیں۔ حالاں کہ یہی طبقاتی نظریہ ہے جس سے مارکس یہ ثابت کرتا ہے کہ سماج کے بیشتر افراد کو کس طرح انصاف اور خوش حالی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ جمہوریت کی پچھلے سو برس کی تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ ’’عوامی حکومت‘‘ کے کوئی معنی نہیں ہیں۔ یہ محض ایک فریب لفظی ترکیب ہے جس کے ذریعہ مراعات یافتہ طبقہ محروم طبقہ کو لوٹتا ہے، کیوں کہ سماج میں جب طاقت ور اور کمزور دو قسم کے طبقہ موجود ہوں۔ ایسی حالت میں عوامی نظام بنانے کے معنی اس کے سوا اور کچھ نہیں ہوتے کہ کمزوروں پر طاقت ور طبقہ مسلط ہو جائے۔ اس لئے مارکس نے کہا کہ ’’عوام کا فائدہ‘‘ نہیں بلکہ ’’محنت کش طبقہ کا فائدہ‘‘ اس طبقہ کا فائدہ جو در حقیقت فائدہ سے محروم ہے۔ مگر طبقاتی نظریہ کو ترک کرنے کے بعد آپ کے پاس کیا دلیل ہے کہ آپ کا ’’عوامی نظریہ‘‘ حقیقتاً عوام کو فائدہ پہنچانے کا سبب بنے گا اور اس کا وہی انجام نہیں ہوگا جواب تک اس نظریہ کا ہوتا رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ مارکس کے فلسفہ کو اس کے پورے نظام سے الگ کر کے محض اس کے معاشی حل کو اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ اتنے بھی ذہین نہیں ہیں جتنا کہ مارکس تھا۔ مارکسزم کی نظریاتی بنیادوں کو ترک کرنے کے بعد اس کا حل بالکل لغو اور بے معنی ہو جاتا ہے۔ مارکس کے معاشی حل کا مقصد سماج کو لوٹ کھسوٹ اور استحصال سے پاک کرنا ہے۔ سوال یہ ہے کہ سماج کے اندر کسی گروہ کو یہ موقع کیسے ملتا ہے کہ وہ اپنے جیسے دوسرے انسانوں پر ظلم کرے اور انھیں اپنی لوٹ کھسوٹ کا شکار بنائے ۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ دوسروں کے مقابلہ میں اس کو زیادہ اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔ دوسروں کے پاس جو چیز کم ہوتی ہے وہ چیز اس کے پاس زیادہ ہوتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں اختیارات کا سمٹا یا مرکز یت ہی وہ چیز ہے جو عوام کے مقابلہ میں خواص کو ظالم اور لٹیرا بناتی ہے۔ کیا اشتراکی نظام میں ’’مرکزیت‘‘ سے نجات مل جاتی ہے۔ اشتراکی اصولوں کے مطابق جو سماج بنتا ہے کیا

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader