Urdu book · مارکسزم: تاریخ جس کو رد کر چکی ہے

فریب پر حماقت کا اضافہ

Urdu book, p. 84

By Maulana Wahiduddin Khan

اپنے جرائم کا ’’اعتراف‘‘، جس کو محکمہ تفتیش کا جج فوراً قبول کرلیتا تھا اور یہ کس طرح ممکن ہوتا تھا کہ— ایک شخص ان جرائم کا اقرار کرلے جس کو اس نے سرے سے کیا ہی نہ ہو؟ اس کا صرف ایک ہی طریقہ تھا۔ جسمانی مشقتوں کے ذریعہ اس پر دبائو ڈالا جاتا تھا، اس کو سخت عذاب میں مبتلا کیا جاتا تھا، اس کو ناقابلِ برداشت تکلیفوں کے ذریعہ نیم بے ہوشی کی حد تک پہنچادیا جاتا تھا اور اس طرح اس سے ہولناک جرائم کے اقرار نامے پر دستخط لیے جاتے تھے۔ ہماری فلموں اور ادبی تخلیقات کا مقصد صرف یہ رہ گیا ہے کہ اسٹالن کا پروپیگنڈہ کیا جائے اور اس کی شان میں قصیدے پیش کیے جائیں۔ اس سلسلہ میں فلم ’’برلن کی شکست (Tehfallbexlin) کی مثال لیجیے۔ یہ فلم پچھلی جنگ میں روسیوں کے مقابلے میں جرمنوں کی شکست کا منظر پیش کرتی ہے۔ مگر حالت یہ ہے کہ پوری فلم میں صرف اسٹالن کا کردار نظر آتا ہے، وہ ایک ہال میں بیٹھا ہوا احکام جاری کر رہا ہے جہاں بہت سی خالی کرسیاں پڑی ہوئی ہیں۔ اور ایک شخص کے سوا ہال میں کوئی اور آدمی دکھائی نہیں دیتا۔ سوال یہ ہے کہ فوجی محکمہ کہاں ہے۔ پولیٹکل بیورو کیا کر رہا ہے، حکومت کس کام میں مصروف ہے۔ یہ لوگ آخر کہاں ہیں اور کس کام کے لیے رکھے گئے ہیں۔ فلم کے اندر ان کے بارے میں کچھ نہیں ہے۔ اسٹالن اکیلا تمام کام کر رہا ہے، اس کو کسی شخص پر اعتماد نہیں ہے۔ وہ کسی سے مشورہ طلب نہیں کرتا، اس فلم میں ہر چیز نہایت غلط رنگ میں دکھائی گئی ہے، کیوں؟ صرف اسٹالن کی شہرت کے لیے، حقیقت اور واقعہ کے بالکل خلاف۔‘‘ (نیو یارک ٹائمنر۔۵ جون ۱۹۵۶ء) اس سلسلہ میں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گریٹ سویت انسائیکلوپیڈیا جس کا تازہ ترین ایڈیشن ۱۹۵۸ کے شروع میں ماسکو سے شائع ہوا ہے اس میں اسٹالن کے سرکاری سوانح حیات صرف چھ صفحے پر مشتمل ہیں، جب کہ اس کا پچھلا ایڈیشن جو اسٹالن کے زمانہ میں شائع ہوا اس میں اسٹالن کے لیے ۴۶ صفحات وقف کیے گئے تھے۔ موجودہ ایڈیشن میں اسٹالن کی زندگی کے بعض پہلوئوں کی تعریف کرتے ہوئے اس پر سخت تنقید کی گئی ہے اور اس میں لینن کی وہ مشہور تحریر بھی شائع کر دی گئی ہے جس میں اس نے اسٹالن کو ’’وہی اور اپنے ساتھیوں کے لیے غیر وفادار کہا تھا۔ بحوالہ اسٹیٹس مین (دہلی) ۱۸ فروری ۱۹۵۸ء۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page