Urdu book · مضامین اسلام

کیا تمام مذاہب ایک ہیں

Urdu book, p. 149

By Maulana Wahiduddin Khan

”سچائی ایک ہے اگر چہ حکماء اس کو مختلف ناموں سے پکارتے ہیں۔ یہ قدیم بزرگوں کے زمانے سے ہمارا اصول رہا ہے۔ ہم ہمیشہ یہ یقین کرتے رہے ہیں کہ آخری منزل (Supreme goal) تک مختلف راستوں سے پہنچا جا سکتا ہے اور آدمی منزل تک پہنچنے کے لئے جو راستہ بھی اختیار کرے گا اس سے وہ منزل تک پہنچ جائے گا۔ اس لئے کسی کو بھی دوسرے سے جھگڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیوں کہ سب کے سب ایک ہی منتہا کی طرف سفر کر رہے ہیں اگر چہ ان کی راہیں مختلف ہیں۔ سنا تن دھرم نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ سچائی تک پہنچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے یا یہ کہ وہی ایک صحیح راستہ ہے اور دوسرے تمام راستے غلط اور گمراہ کن ہیں۔ اس لئے اس ملک میں کبھی یہ ضروری نہیں سمجھا گیا کہ ایک شخص نے اپنے لئے جو راستہ اختیار کیا ہے اس کو وہ دوسروں پر لادنے کی کوشش کرے۔ اسی وجہ سے مختلف فرقوں اور مختلف مذہبی اعتقاد رکھنے والوں کے لئے یہ ممکن ہو سکا ہے کہ وہ اس ملک میں ساتھ ساتھ رہ سکیں۔ اور ان کے باہمی معاملات میں کوئی اجنبیت اور فساد پیدا نہ ہو۔ اس کے برعکس بہت سے مذاہب کا ایک خاص عقیدہ یہ بھی ہے کہ سب لوگوں کے لئے سچائی تک پہنچنے کا ایک ہی راستہ ہے اور جو شخص بھی اس کو نہیں مانے گا یا اس پر نہیں چلے گا وہ کبھی بھی انسانیت کی اعلیٰ منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔ ایک بدیہی نتیجہ جو فطری طور پر اس کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ وہ یہ کہ اگر میرا راستہ ہی ایک صحیح راستہ ہے اور دوسرے تمام راستے گمراہ کن ہیں تو یہ میری ذمہ داری ہو جاتی ہے کہ دوسروں کو بھی اسی راہ پر لانے کی کوشش کروں اور اس طرح دوسروں کے مذہب کو بدلنا ایک مقدس فریضہ اور متبرک عمل قرار پا تا ہے۔“ Book University Journal, July 3, 1955, pp. 19-20 یہ تصور ہندوستان کا بہت پرانا تصور ہے۔ چنانچہ یہاں کی قدیم ترین کتاب رگ وید میں یہ نظریہ موجود ہے۔ اشوک نے اپنے زمانہ میں پتھر کے ستونوں پر جو فرامین کندہ کر کے جا بجا نصب کرائے تھے ان میں سے بارھواں فرمان یہ تھا : ”جو شخص اپنے مذہب کی تعظیم کرے اور جوش عقیدت میں اسے اور سب مذاہب پر فوقیت دینے کے لئے دوسرے کے مذہب کی تحقیر کرے وہ یقیناً خود اپنے مذہب کو نقصان پہنچاتا ہے۔ در حقیقت جو چیز پسندیدہ ہے وہ مذاہب کی ہم آہنگی ہے“

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page