Urdu book · مضامین اسلام

دین خداوندی کی تصدیق

Urdu book, p. 41

By Maulana Wahiduddin Khan

وہ کسی نہ کسی طور پر خالق کا وجود ماننے پر مجبور ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر مشہور نظریاتی سائنس داں اسٹیفن ہاکنگ (Stephen W. Hawking) نے اپنی کتاب اے بریف ہسٹری آف ٹائم (۱۹۸۹) میں کائناتی شواہد کا تجربہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس کی توجیہہ کرنا بے حد مشکل ہوگا کہ کائنات کیوں اس خاص ڈھنگ پر شروع ہوئی، سوائے اس کے اس کو ایک خدا کا عمل مانا جائے جس نے چاہا کہ ہماری جیسی ہستیاں پیدا کرے : It would be very difficult to explain why the universe should have begun in just this way, except as the act of a God who intended to create beings like us (p. 134). بدھزم کا جو شخص مطالعہ کرتا ہے وہ اس کے عقیدہ کو علم اور فطرت دونوں کے غیر مطابق محسوس کرتا ہے۔ دوسری طرف اسلام میں واضح طور پر ایک عظیم خدا کا تصور موجود ہے۔ اس طرح بدھرم انسانی طلب کے غیر مطابق ہے اور اسلام انسانی طلب کے عین مطابق۔ مسیحیت دو ہزار سال پہلے پیدا ہوئی۔ تاہم اپنی موجودہ شکل میں وہ انسان کو مطمئن نہیں کر سکتی۔ موجودہ مسیحیت میں خدا کا تصور یہ دیا گیا ہے کہ وہ بیک وقت ایک بھی ہے اور عین اسی وقت وہ تین بھی ہے۔ اس عقیدہ کو تثلیث (Trinity) کہا جاتا ہے۔ مگر کوئی ذی ہوش آدمی اس قسم کے ناقابل فہم حساب کو ماننے پر راضی نہیں ہو سکتا۔ موجودہ مسیحی مذہب میں حضرت مسیح کا تعارف خدا کے بیٹے کی حیثیت سے کرایا جاتا ہے، یہ بیٹا خدا سے الگ نہیں۔ وہ بیٹا ہوتے ہوئے عین اسی وقت خدا بھی ہے۔ مزید یہ کہ مسیحی عقیدہ کے مطابق یروشلم میں حضرت مسیح کو نعوذ باللہ سولی دے کر ہلاک کر دیا گیا۔ چنانچہ ہر چرچ میں ان کے خون آلود جسم کی بڑی بڑی تصویریں خاص اہتمام کے ساتھ نصب کی جاتی ہیں۔ اب ایک سائنس داں جو کائنات کا مطالعہ کرتا ہے وہ پاتا ہے کہ کائنات بے پایاں حد تک عظیم ہے۔ سائنس داں کا ذہن کہتا ہے کہ جو کائنات اس قدر ناقابل فہم حد تک عظیم ہے، اس کے خدا کو بھی یقیناً انتہائی غیر معمولی حد تک عظیم و کبیر ہونا چاہیے۔ مگر وہ دیکھتا ہے کہ چرچ میں جس خدا کا تعارف کرایا جاتا ہے اس کو رومی حکمرانوں نے بے بسی کے ساتھ سولی پر چڑھا کر ہلاک کر دیا۔ خالق کی یہ تصویر اس کی تخلیق کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی۔ اس لیے وہ اس کو ماننے سے انکار کر دیتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page