اسلام عصر حاضر میں
Urdu book, p. 55
By Maulana Wahiduddin Khan
رہنے دیا جائے ۔ مروجہ نظام کے تحت جن افراد کو اوپر آنے کا موقع ملے انہیں آزادانہ طور پر حکومت کا موقع دیا جائے ۔ اب اگر کچھ لوگ یہ محسوس کرتے ہیں کہ حکومت میں بگاڑ ہے تو ان کو چاہئے کہ عوام کے اندر تعمیری کام کر کے لوگوں کے ذہن میں مثبت تبدیلی پیدا کریں۔ اگر عوام کے ذہن میں تبدیلی آگئی تو اس کے بعد حکومت کا نظام اپنے آپ اس کے مطابق بن جائے گا۔ موجودہ زمانہ میں اسلام کے خلاف جو چیلنج پیدا ہوا ہے وہ کیوں پیدا ہوا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اسلامی لیڈر ہر ملک میں یہ نعرہ لے کر کھڑے ہو گئے ہیں کہ وہ وہاں اسلامی نظام قائم کریں گے۔ مسلم لیڈروں کا یہ مقصد ہر ملک کے سیاسی نظام کے خلاف چیلنج ہے۔ اس لئے ہر ملک کا سیاسی نظام بھی اسلام کے خلاف سراپا چیلنج بن گیا ہے۔ مگر اس قسم کا مقصد بجائے خود بے بنیاد ہے۔ قرآن میں کہیں بھی یہ حکم نہیں دیا گیا ہے کہ لوگوں سے لڑ کر ان کے اوپر اسلامی نظام قائم کرو۔ اس کے برعکس قرآن میں جو حکم ہے اس کے الفاظ یہ ہیں کہ لوگوں سے لڑو کر فتنه نہ ختم کرو (قاتلوهم حتى لا تكون فتنة) اس سے معلوم ہوا کہ اسلامی جہاد (بمعنی قتال) کا مقصد نظامِ اسلام قائم کرنا نہیں ہے۔ بلکہ اس کا مقصد اسلام کے راستہ کی رکاوٹ کو دور کرنا ہے۔ جب یہ رکاوٹ دور ہو جائے تو اس کے بعد جہاد (بمعنی قتال) کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ اس کے بعد وہ وقت آجاتا ہے کہ جہاد (بمعنی دعوت) کے عمل کو تیز تر کر دیا جائے۔ نظامِ اصلاح ہمیشہ افراد کی اصلاح سے ظہور میں آتا ہے۔ نظامِ اصلاح کبھی طاقت کے زور پر قائم نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام کی ابتدائی تاریخ میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ خلیفہ دوم عمر فاروق تک معاشرتی معاملات درست رہے۔ اس کے بعد ہر طرف معاملات بگڑ گئے۔ حالاں کہ جہاں تک سیاسی غلبہ کا تعلق ہے وہ بدستور اہل اسلام کے ہاتھ میں تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ خلیفہ دوم تک معاشرہ پر ان افراد کا غلبہ تھا جو پیغمبرِ اسلام کے اصلاحی اور دعوتی عمل سے بنے تھے۔ اس کے بعد مسلمانوں کی تعداد بڑھی اور معاشرہ پر ایسے لوگوں کا غلبہ قائم ہو گیا جنھوں نے حالات کے زیرِ اثر اسلام تو قبول کر لیا تھا مگر ان کی اصلاح اس طرح نہیں ہوئی تھی جس طرح صحابہ کرام کی اصلاح ہوئی تھی۔ اسلام میں بلاشبہ اجتماعی اور سیاسی احکام ہیں۔ مگر ان احکام کی حیثیت وہی ہے جو زکوٰۃ کے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader