Urdu book · مذہب اور جدید چیلنج

مخالفینِ مذہب کا مقدمہ

Urdu book, p. 15

By Maulana Wahiduddin Khan

کے معاملے میں بھی وہ آج اس پوزیشن میں ہے کہ اپنی ابتدائی غلطیوں کی اصلاح کر سکے۔ آگسٹ کا مٹے (August Comte, 1798-1857) جو انیسویں صدی کے نصف اول کا فرانسیسی مفکر ہے، اس کے نزدیک انسان کی فکری ارتقا کی تاریخ تین مرحلوں میں تقسیم ہے۔ پہلا مرحلہ الہیاتی مرحلہ (Theological Stage) ہے، جس میں واقعات عالم کی توجیہ خدائی طاقتوں کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ دوسرا مرحلہ ما بعد الطبیعیاتی مرحلہ (Metaphysical Stage) ہے، جس میں متعین خدا کا نام تو باقی نہیں رہتا، پھر بھی واقعات کی توجیہ کے لیے خارجی عناصر کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ تیسرا مرحلہ ثبوتی مرحلہ (positive stage) ہے جب کہ واقعات کی توجیہ ایسے اسباب کے حوالے سے کی جاتی ہے، جو مطالعہ اور مشاہدہ کے عام قوانین کے تحت معلوم ہوتے ہیں، بغیر اس کے کہ کسی روح خدا یا مطلق طاقتوں کا نام لیا گیا ہو۔ اس فکر کی رو سے اس وقت ہم اسی تیسرے فکری دور سے گزر رہے ہیں، اور اس فکر نے فلسفہ میں جو نام اختیار کیا ہے وہ منطقی ثبوتیت (Logical Positivism) ہے۔ منطقی ثبوتیت یا سائنس تجریبیت (Scientific Empiricim) باقاعدہ تحریک کی شکل میں بیسویں صدی میں شروع ہوئی۔ مگر ایک طرز فکر کی حیثیت سے یہ پہلے ذہنوں میں پیدا ہو چکی تھی۔ اس کی پشت پر ہیوم (Hume) اور مل (Mill) سے لے کر رسل (Russell) تک درجنوں ممتاز مفکرین کے نام ہیں، اور اب ساری دنیا میں اپنے تبلیغی اور تحقیقی اداروں کے ساتھ وہ موجودہ زمانے کا اہم ترین طریق فکر بن چکا ہے۔ ڈکشنری آف فلاسفی (مطبوعہ نیو یارک) میں اس طریق فکر کی تعریف مندرجہ ذیل الفاظ میں کی گئی ہے: "Every knowledge that is factual, is connected with experiences in such a way that verification or direct or indirect confirmation is possible." (P. 285)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page