Urdu book · مذہب اور جدید چیلنج

قرآن ؀ خدا کی آواز

Urdu book, p. 163

By Maulana Wahiduddin Khan

عرب کا یہ مشہور شاعر قرآن کے ادب سے اس قدر متاثر ہوا کہ اس کی شاعری چھوٹ گئی ۔ بعد کو ایک مرتبہ حضرت عمرؓ نے ان سے اشعار کی فرمائش کی تو انھوں نے جواب دیا کہ جب خدا نے مجھے بقرہ اور آل عمران جیسا کلام دیا ہے تو اب شعر کہنا میرے لیے مناسب نہیں (ما كنت لأقول شعرا بعد أن علمني الله البقرة وآل عمران) الاستيعاب في معرفة الاصحاب لابن عبد البر ، جلد 3 ، صفحه 1337۔ دوسرا اس سے زیادہ عجیب واقعہ ابن المقفع کا ہے جس کو نقل کرتے ہوئے ایک مستشرق (1842-1922 ,Wollaston, Arthur N) لکھتا ہے: That Muhammad`s boast as to the literary excellence of the Quran was not unfounded, is further evidenced by a circumstance, which occurred about a century ofter the establishment of Islam. (Mohammad, His Life and Doctrines, p.143) یعنی یہ بات کہ قرآن کے اعجاز کلام کے بارے میں محمد کا دعویٰ غلط نہیں تھا، یہ اس واقعہ سے ثابت ہو جاتا ہے، جو اسلام کے قیام کے سو سال بعد پیش آیا۔ واقعہ یہ ہے کہ منکرینِ مذہب کی ایک جماعت نے یہ دیکھ کر کہ قرآن لوگوں کو بڑی شدت سے متاثر کر رہا ہے، یہ طے کیا کہ اس کے جواب میں ایک کتاب تیار کی جائے ، انھوں نے اس مقصد کے لیے ابنِ المقفع (م 727ء) سے رجوع کیا جو اس زمانے کا ایک زبردست عالم، بے مثال ادیب اور غیر معمولی ذہین و طبا ع آدمی تھا، ابنِ المقفع کو اپنے اوپر اتنا اعتماد تھا کہ وہ راضی ہو گیا۔ اس نے کہا کہ میں ایک سال میں یہ کام کروں گا البتہ اس نے یہ شرط لگائی کہ اس مدت میں اس کی تمام ضروریات کا مکمل انتظام ہونا چاہیے تاکہ وہ کامل یکسوئی کے ساتھ اپنے ذہن کو اپنے کام میں مرکوز رکھے۔ نصف مدت گزر گئی تو اس کے ساتھیوں نے یہ جاننا چاہا کہ اب تک کیا کام ہوا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page