Urdu book · مذہب اور جدید چیلنج

قرآن ؀ خدا کی آواز

Urdu book, p. 183

By Maulana Wahiduddin Khan

مثال کے طور پر زمین کی ابتدا کے بارے میں بائبل کی کتاب پیدائش میں ہے: ’’گہرائیوں پر اندھیرا چھایا ہوا تھا۔‘‘ Darkness was over the surface of the deep (Genesis 1) یہ موجودہ معلومات کے مطابق اس وقت کی بہترین تصویر ہے، جب زمین ابھی گرم تھی اور اس کی گرمی کی وجہ سے پانی بخارات بن کر اُڑ گیا تھا، اس وقت ہمارے تمام سمندر کثیف بادلوں کی شکل میں فضا میں معلق تھے، اور اس کی وجہ سے روشنی زمین کی سطح تک نہیں پہنچ پاتی تھی۔ ہمارا ایمان ہے کہ انجیل اور تو رات اصلأ اسی طرح خدا کی کتابیں ہیں، جیسے قرآن خدا کی کتاب ہے، اس لیے ان میں علم الہیٰ کے شرارے بلا شبہ موجود ہیں، مگر ان کتابوں کے اصل الفاظ محفوظ نہیں رہے، ہزاروں برس گزرنے کے بعد بائبل اب ہمارے سامنے ایک ایسی کتاب کی شکل میں ہے، جس میں کرلیسی ماریسن کے الفاظ میں ترجمہ (Translation) اور انسانی الحاق (Human Interpolation) کی وجہ سے اصل خدائی نسخہ کے مقابلے میں بہت فرق پیدا ہو چکا ہے۔ Man Does not stand Alone, p. 120 اس طرح یہ صحیفے پوری شکل میں اصل حیثیت کو کھو چکے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کتابوں کو منسوخ کر کے ہمارے لیے اپنی کتاب کا تصحیح شدہ ایڈیشن (قرآن) نازل کیا، قرآن اپنی صحت اور جامعیت کی وجہ سے بدرجہ اتم ان خصوصیات کا حامل ہے، جن کی صرف ایک جھلک اب کتبِ قدیمہ میں باقی رہ گئی ہے۔ یہاں میں قرآن کی اسی خصوصیت کو اس کی صداقت کی تیسری دلیل کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہوں قرآن با وجود یہ کہ علمی ترقی سے بہت پہلے نازل ہوا اس کی کوئی بات آج تک غلط ثابت نہ ہوسکی، اگر یہ انسانی کلام ہوتا تو ایسا ہونا ممکن نہیں تھا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page