Urdu book · مذہب اور سائنس

مذہب اور سائنس

Urdu book, p. 67

By Maulana Wahiduddin Khan

”ذہن“ کے تعین میں اختلاف سے ذہن کو آخری حقیقت ماننے والوں میں مختلف گروہ ہو سکتے ہیں ۔ جیسے خدا کو ماننے والے خدا کو ماننے کے باوجود مختلف ٹولیوں کی شکل میں پائے جاتے ہیں۔ مگر علمی مطالعہ کا یہ نتیجہ کہ کائنات کی آخری حقیقت ذہن ہے، یہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے مذہب کی تصدیق ہے اور الحاد کی تردید۔ یہ ایک عظیم تبدیلی ہے جو موجودہ صدی میں سائنس کے اندر ہوئی ہے۔ اس تبدیلی کا اہم ترین پہلو جے ڈبلیو۔ این سولین کے الفاظ میں، یہ نہیں ہے کہ تمدنی ترقی کے لیے زیادہ طاقت حاصل ہو گئی ہے۔ بلکہ یہ تبدیلی وہ ہے جو اس کی مابعد الطبیعیاتی بنیادوں (Metaphysical Foundations) میں واقع ہوئی ہے۔ The Limitations of Science, p. 138-50 برطانیہ کے مشہور ماہر فلکیات اور ریاضی داں سرجیمز جنیز۔(Sir James Jeans) کی کتاب ”پر اسرار کائنات“ غالباً اس پہلو سے موجودہ زمانہ کا سب سے زیادہ قیمتی مواد ہے۔ اس کتاب میں موصوف خالص سائنسی بحث کے ذریعہ اس نتیجہ تک پہنچتے ہیں: ”جدید طبیعیات کی روشنی میں کائنات مادی تشریح (material representation) کو قبول نہیں کرتی۔ اور اس کی وجہ میرے نزدیک یہ ہے کہ اب وہ محض ایک ذہنی تصور(mental concept) ہو کر رہ گئی ہے۔“ The Mysterious Universe, 1948. p. 123 جنیز کے الفاظ میں: “If the universe is a universe of thought, then its creation must have been an act of thought.” (p. 133-34)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page