Urdu book · مذہب اور سائنس

دورِ جدید کا مذہب۔ تعارف

Urdu book, p. 84

By Maulana Wahiduddin Khan

(Man the Unknown) اسی تا حال عدم دریافت انسان کو دریافت کرنے کی ایک کوشش ہے۔ “سائنس جس نے مادی دنیا کو بدل دیا ہے، انسان کو وہ طاقت دیتی ہے جس سے وہ اپنے آپ کو بھی بدل سکے۔” ان الفاظ کے ساتھ وہ اپنی کتاب کا باب انسانیت کی نئی تعمیر (The Remaking of Man) شروع کرتا ہے۔ "تاریخ میں پہلی بار سائنس کی مدد سے انسانیت اپنی قسمت کی آپ مالک بن گئی ہے۔ آج ہمیں یہ موقع حاصل ہے کہ ہم جس طرح مادہ پر عمل کر کے اس کو اپنی خدمت میں لا رہے ہیں، اسی طرح جسم اور روح پر عمل کر کے اس کو اپنی منشاء کے مطابق ڈھال سکیں۔ ہم جانتے ہیں کہ کندذہنی، بداخلاقی اور جرم کاری عموماً موروثی نہیں ہوتی۔ ہم ان برائیوں کی اسی طرح اصلاح کر سکتے ہیں جس طرح ہم بیماریوں کو اچھا کرتے ہیں۔" ڈاکٹر الکس کیرل اس مسئلہ پر مزید لکھتا ہے: "صنعت و حرفت نے سائنس کی اسپرٹ کے مطابق کام نہیں کیا، بلکہ مابعد الطبیعیات کے غلط تصورات کے مطابق انسان کی تعمیر کی ہے۔ ہم کو چاہیے کہ ان حد بندیوں کو توڑ دیں جو حقیقی اشیاء کی خصوصیات اور ہماری ذات کے مختلف پہلوؤں کے درمیان قائم کر دی گئی ہیں۔ یہ غلطی جو ہماری تمام مصیبتوں کی ذمہ دار ہے۔ گلیلیو کے تولیدی نظریے(genial idea)کی ایک غلط تعبیر کا نتیجہ ہے۔ گلیلیو نے چیزوں کی ابتدائی صفات کو، جو ابعاد اور وزن پر مشتمل ہیں اور جن کی آسانی سے پیمائش کی جاسکتی ہے، ان ثانوی صفات سے الگ کر دیا جو شکل، رنگ اور بو وغیرہ سے تعلق رکھتی ہیں اور جن کی پیمائش نہیں کی جاسکتی۔ کمیت کو کیفیت سے جدا کر دیا گیا ہے۔ اس غلطی سے غیر معمولی نتائج پیدا ہوئے۔ انسان کے اندر وہ چیزیں، جن کی پیمائش نہیں کی جاسکتی، ان چیزوں سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں جن کی پیمائش کی جاسکتی ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page