Urdu book · میوات کا سفر

پہلا سفر

Urdu book, p. 12

By Maulana Wahiduddin Khan

ہم ہوٹل مڈیواڑی روڈ (زیر تعمیر) پر مغرب کی طرف بڑھ رہے تھے، ہمارے پیچھے حد نظر تک پھیلے ہوئے اونچے نیچے میدان تھے، جن پر جگہ جگہ کیکر کے درخت اپنی ہری ہری شاخوں سے سایہ کیے ہوئے نظر آتے تھے، اور سامنے ارولی پہاڑوں کا خاموش سلسلہ تھا، جو شمال سے جنوب تک اس طرح پھیلا ہوا تھا جیسے تاریخ کی کوئی ابھری ہوئی لکیر ہے جس پر امتداد زمانہ سے گرد پڑ گئی ہے۔ اس پہاڑی میں اس قدیم سڑک کے خم دار نشانات نظر آرہے ہیں جس کے متعلق مشہور ہے کہ شیر شاہ سوری نے اسے بنوایا تھا ۔ اسی پہاڑ کے دامن میں وہ درگاہ بھی اپنی بلند اور وسیع عمارت کے ساتھ نظر آرہی ہے جس کے سفید گنبد پہاڑ کی بھوری دیواروں کے پس منظر میں اس طرح نمایاں ہیں جیسے تاریک دنیا میں روشنی کا کوئی مینار جگمگا رہا ہو۔ خواجہ شیخ محمد موسیٰ رحمتہ اللہ علیہ کی یہ درگاہ وسیع اور عظیم عمارتوں کا ایک سلسلہ ہے جو آج بھی اسلام کی عظمت رفتہ کو یاد دلاتی ہے اور اسی کے ساتھ حال میں اس کے امکانات کو بھی ۔ یہاں شیخ صاحب موصوف کی قبر بھی ہے جس پر فارسی میں ایک قطعہ تاریخ درج ہے جس کا دوسرا شعر یہ ہے : تاریخ وفات او خرد گفت کو صاحب سلسلہ ولایت (۵۷۳۳) مزار میں دوسری جگہ سنگ مرمر پر "بجنت رسید" لکھا ہے۔ اس فقرہ سے بھی تاریخ وفات نکلتی ہے۔ اس مزار کی تعمیر ، جیسا کہ اس پر کندہ ہے ، ۱۱۴۲ھ میں ہوئی تھی ۔ مولا نا نیاز محمد صاحب وغیرہ نے ۱۳۷۵ ھ میں اس خانقاہ میں مدرسہ قائم کیا۔ شروع میں اپنوں کی طرف سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا "دیوبندی ملا خانقاہ پر قبضہ کر لیں گے" دادا شیخ موسیٰ کا میلا (عرس) بند کر دیں گے " وغیرہ وغیرہ۔ مگر مخالفتیں کامیاب نہیں ہوئیں ۔ آج یہاں باقاعدہ مدرسہ قائم ہے ۔ جہاں دو استاد اور دو درجن مقیم اور اتنے ہی غیر مقیم طلبہ تعلیم پا رہے ہیں ۔ غریب مسلم خاندانوں کے یہ بے زبان بچے جن کا حال یہ ہے کہ وہ نووارد سے سلام کرنے کے بعد دونوں ہاتھ مصافحہ کے لیے بڑھاتے ہیں اور اس کے بعد خاموشی سے ایک طرف بیٹھ جاتے ہیں ، جن کے مسکین چہرے بتا رہے ہیں کہ وہ حال اور مستقبل سے بالکل بے خبر ہیں ، ان بے زبان بچوں سے ملنا خود ایک بڑا عبرت ناک تجربہ ہے ۔ میں ان بچوں کو دیکھ رہا تھا اور مجھے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ میں ملتِ اسلامیہ

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page