Urdu book · میوات کا سفر

پندرہواں سفر

Urdu book, p. 205

By Maulana Wahiduddin Khan

شادی کا معاملہ ہو تو خواہ کتنا ہی قرآن و حدیث سنایا جائے ، وہ اسی طرح شادی کرے گا جس طرح عام دنیا پرست کرتا ہے ۔ خواہ اس کی قیمت سودی قرض اور کھیت کا رہن ہی کیوں نہ ہو ۔ کوئی شخص آپ کو سخت بات کہہ دے ۔ کسی سے آپ کو تکلیف پہنچ جائے تو آپ چاہتے ہیں کہ اس کو مٹا ڈالیں ۔ اس کی معاشیات کو تباہ کردیں ۔ اس کی عزّت کو خاک میں ملا دیں ۔ یہ سب اس لیے ہے کہ آدمی بھول جاتا ہے کہ اس کے اور اس کے فریق کے درمیان خدا کھڑا ہوا ہے جو سارے طاقت وروں سے زیادہ طاقت ور ہے ۔ اگر معاملہ کا یہ پہلو ذہن میں ہو تو اپنے کسی بھائی کو ذلیل کرنے کا خیال مضحکہ خیز حد تک بے معنی معلوم ہو ۔ کیوں کہ عزت اس کے لیے ہے جس کو خدا عزت دے اور ذلیل وہ ہے جو خدا کی نظر میں ذلیل قرار پائے ۔ ہر کسان جانتا ہے کہ ٹوٹنے ٹوٹکے سے کوئی کھیت اپنی فصل نہیں اگاتا ۔ مگر خدا کی جنت جو تمام قیمتی چیزوں سے زیادہ قیمتی ہے ، اس کے متعلق فرض کر لیا گیا ہے کہ وہ کچھ الفاظ زبان سے دہر اکر یا کچھ رسمی اعمال ادا کر کے مل جائے گی ۔ یہ عظیم الشان بھول ہے ۔ خدا کی پوری کتاب نطق کی زبان میں اور خدا کی ساری کائنات خاموشی کی زبان میں اس کا انکار کر رہی ہے ۔ مومن وہ ہے جو ہر مسئلہ کو آخرت کا مسئلہ سمجھے ، جو آخرت کی عزّت و ذلت کو اہمیت ۔۔۔ دے نہ کہ دنیا کی عزت و ذلت کو ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page