Urdu book · میوات کا سفر

پانچواں سفر

Urdu book, p. 94

By Maulana Wahiduddin Khan

دوسری نماز وہ ہے جس کو قرآن میں صلاة خشوع (ڈر اور عاجزی کی نماز) کہا گیا ہے۔ یہی نماز اللہ تعالیٰ کو مطلوب ہے۔ میں نے کہا کہ قرآن میں آپ کو ایسی کسوٹی مل سکتی ہے جس سے آپ اندازہ کر سکیں کہ صلاة خشوع کیسی نماز ہوتی ہے۔ اس سلسلہ میں پہلی رہنمائی ان الصلوة كانت على المومنين كتابا موقوتا سے ہوتی ہے۔ یعنی وہ نماز وقت کی پوری پابندی کے ساتھ ادا کی جاتی ہے جس طرح ٹرین اور کچہری کے وقت کا خیال ہوتا ہے اسی طرح اس نماز کا بھی خیال لگا رہتا ہے۔ دوسری چیز کا ذکر سورہ عنکبوت میں ہے ان الصلوة تنهى عن الفحشاء والمنكر یعنی یہ نماز آدمی کو فحش اور بری باتوں سے روکتی ہے۔ تیسری چیز وہ ہے جس کو "واسجد و اقترب" کے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ یعنی نماز اس کے لئے خدا سے قریب ہونے کا ذریعہ بن جائے۔ یہ نماز اور عبادت کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔ اس وقت جب آدمی سجدہ کرتا ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے گویا اس نے اپنے رب کے قدموں میں سر رکھ دیا ہے اس کی روح خدا سے انتہائی قریب ہو جاتی ہے۔ زمین پر پیشانی رکھنا اپنے مولا سے لپٹنے کے ہم معنی ہو جاتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page