Urdu book · مطالعہ قرآن

مطالعہ قرآن

Urdu book, p. 128

By Maulana Wahiduddin Khan

اس وقت تک باقی رہے گی جب تک وہ خدا کے شکر کرنے والے بنے رہیں۔ اور تقویٰ کی کیفیت کو نہ کھوئیں ۔ 25-088 عالمی کتاب قرآن میں ارشاد ہوا ہے: بڑی بابرکت ہے وہ ذات جس نے اپنے بندے پر فرقان اتارا تا کہ وہ تمام جہان والوں کے لئے ڈرانے والا ہو۔ وہ جس کے لئے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ہے۔ اور اس نے کوئی بیٹا نہیں بنایا اور بادشاہی میں کوئی اس کا شریک نہیں اور اس نے ہر چیز کو پیدا کیا اور اس کا ایک اندازہ مقرر کیا۔ (الفرقان ۱- ۲) قرآن کے مختلف بیانات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ کتاب اپنے تمام اقوام عالم کے لئے بھیجی گئی۔ یہی بات دوسرے مقام پر پیغمبر اسلام کی نسبت سے اس طرح کہی گئی ہے: اور ہم نے تم کو تمام انسانوں کے لئے خوش خبری دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا ہے مگر اکثر لوگ نہیں جانتے۔ (سبا ۲۸) قرآن اصلاً عربی زبان میں ہے۔ وہ ابتداء عرب میں اترا مگر جہاں تک اس کے پیغام کا تعلق ہے، وہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے پوری طرح عالمی اور آفاقی ہے۔ اس کا خطاب تمام اقوام عالم سے ہے نہ کہ کسی مخصوص قوم سے۔ قرآن کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ خدا ایک ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ کوئی وقتی اور مقامی چیز نہیں۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کا تعلق تمام انسانوں سے ہے۔ قرآن میں یہ خبر دی گئی ہے کہ انسان مر کر ختم نہیں ہو جاتا بلکہ وہ حساب کتاب کے لئے آخرت کی عدالت میں حاضر کیا جاتا ہے۔ یہ بھی ایک ایسی حقیقت ہے جو تمام انسانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ اسی طرح قرآن میں بتایا گیا ہے کہ لین دین میں کامل انصاف کا طریقہ اختیار کرو۔ یہ بھی ایک ایسی تعلیم ہے جس کا تعلق تمام انسانوں سے ہے۔ اسی طرح قرآن میں اعلان کیا گیا ہے کہ تمام انسان ایک ہی انسان اول کی اولاد ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page