خاندانی زندگی
Urdu book, p. 260
By Maulana Wahiduddin Khan
تین اور زیتون دو پہاڑوں کے نام ہیں جن کے قریب بیت المقدس واقع ہے۔ یعنی حضرت مسیح کا مقام عمل۔ طور سینین سے مراد وہ پہاڑ ہے جہاں حضرت موسیٰ پر خدا نے براہ راست وحی فرمائی۔ بلد امین سے مراد مکہ ہے جہاں پیغمبر اسلام مبعوث ہوئے۔ یہ تینوں مقامات پیغمبروں کی تاریخ کو یاد دلاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہترین صلاحیتوں کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ یہ صلاحیتیں اس لئے ہیں کہ انسان پیغمبروں کے ذریعہ ظاہر کئے جانے والے حق کو پہچانے اور اپنی زندگی کو اس کے مطابق بنائے ۔ جو لوگ ایسا کریں وہ عزت اور بلندی کا ابدی مقام پائیں گے۔ اس کے برعکس جو لوگ اپنی خداداد صلاحیتوں کو خدا کی مرضی کے تابع نہ کریں ، ان سے موجودہ نعمتیں بھی چھین لی جائیں گی اور کامل محرومی کے سوا کوئی جگہ نہ ہو گی۔ جہان ان کا ٹھکانا مل سکے۔ پیغمبروں کی بعثت اور پیغمبروں کے ذریعہ ظاہر ہونے والے نتائج اس کی صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔ 95-238 قرآت و قلم پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا۔ پیدا کیا انسان کو علق سے۔ پڑھ اور تیرا رب بڑا کریم ہے جس نے علم سکھایا قلم سے۔ انسان کو وہ کچھ سکھایا جو وہ جانتا نہ تھا (العلق ۱-۵) انسان کو اللہ تعالیٰ نے معمولی مادی اجزاء سے پیدا کیا۔ پھر اس کو یہ نادر صلاحیت دی کہ وہ پڑھے اور الفاظ کے ذریعہ معانی کا ادراک کر سکے۔ پھر انسان کو یہ مزید صلاحیت دی گئی کہ وہ قلم کو استعمال کرے اور اس طرح اپنے علم کو مدون اور محفوظ کر سکے۔ قرآت کی صلاحیت اگر آدمی کو خود پڑھنے کے قابل بناتی ہے تو قلم اس کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اپنے علم کو وسیع پیمانہ پر دوسروں تک پہنچا سکے۔ قرآت اور قلم کی یہ صلاحیت انسان کو خصوصی طور پر اس لئے دی گئی ہے تا کہ اس کے درمیان علم و تحقیق کی سرگرمیاں جاری ہوں۔ وہ حقیقت کو دریافت کرے۔ اور پھر اس کو تمام انسانیت تک پہنچائے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader