Urdu book · مطالعہ سیرت

پیغمبرانہ مشن

Urdu book, p. 140

By Maulana Wahiduddin Khan

پیغمبر اسلام ﷺ کی اصل حیثیت یہ تھی کہ آپ داعی تھے۔ قرآن میں بار بار آپ کو اسی حیثیت سے پیش کیا گیا ہے۔ یہاں اس سلسلہ میں صرف ایک آیت نقل کی جاتی ہے: یا ایہا النبی انا ارسلنک شاہدا ومبشرا ونذیرا وداعیاالی اللہ باذنہ وسراجا منيرا (الاحزاب ٤٦، ٤٥) اے نبی، ہم نے تم کو گواہی دینے والا اور خوش خبری دینے والا اور آگاہ کرنے والا بنا کر بھیجا۔ اور اللہ کی طرف، اس کے اذن سے، دعوت دینے والا اور ایک روشن چراغ۔ اس قسم کی آیتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پیغمبر اسلام کا مشن ایک دعوتی مشن تھا۔ آپ کا مشن اصلاً تبلیغ تھا نہ کہ کسی قسم کے سیاسی اقتدار کا قیام۔ یہ درست ہے کہ آپ کی زندگی میں دعوت و تبلیغ کے علاوہ دوسرے کچھ اجزا بھی جمع ہوئے مگر ان دوسرے اجزا کی وہی تشریح درست ہو گی جو آپ کے مشن کی دعوتی حیثیت کو مجروح نہ کرتی ہو۔ اس لئے یہ کہنا صحیح ہوگا کہ پیغمبر اسلام اصلاً داعی اور مبلغ تھے۔ دوسرے اجزا جو آپ کی زندگی میں نظر آتے ہیں وہ براہ راست آپ کا نشانہ نہیں تھے بلکہ وہ دوسرے اسباب سے آپ کی زندگی میں شامل ہوئے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page