Urdu book · مطالعہ سیرت

دورِ حاضر کے لئے پیغمبرانہ رہنمائی

Urdu book, p. 205

By Maulana Wahiduddin Khan

انما النساء شقائق الرجال (سنن ابی داؤد، ١ / ٦٠) عورتیں مرد کا نصف حصہ ہیں۔ پیغمبر کے ذریعہ جو باتیں انسان کے علم میں آئی ہیں ان میں سے ایک چیز وہ ہے جس کو خدا کی اسکیم آف تھنگس (scheme of things) کہا جا سکتا ہے۔ یعنی موجودہ دنیا انسانی زندگی کے بارے میں خالق کا طے کیا ہوا نقشہ۔ یہ زندگی کے مسئلہ کو حقیقی طور پر سمجھنے کے لئے بے حد ضروری ہے۔ جو لوگ اس حقیقت سے بے خبر ہوں وہ کبھی بھی زندگی کا کامیاب نقشہ نہیں بنا سکتے۔ مثلاً موجودہ زمانہ میں جو مفکرین پیدا ہوئے ان کا ایک مشترک مسئلہ یہ ہے کہ ہر ایک نے بطور خود ایک آئیڈیل بنایا اور اس کے مطابق سماجی نقشہ کی تشکیل شروع کردی۔ مگر چونکہ ان کا آئیڈیل غیر فطری تھا اس لئے وہ انسانیت کو کوئی مثبت چیز نہ دے سکے، مثلاً انسانوں میں نابرابری کا مسئلہ جو بیشتر مفکرین کا فکری موضوع رہا ہے۔ ہر ایک اس کوشش میں تھا کہ کوئی ایسا سماجی نقشہ بنائے جس میں سب کو برابر کا درجہ حاصل ہو سکے۔ فطرت کے معیار پر جانچئے تو اس نظریہ میں ایک بنیادی خامی ملے گی۔ انسانوں میں معاشی اور سماجی اعتبار سے فرق کا حقیقی سبب وہ چیز نہیں ہے جس کو استحصال (exploitation) کہا جاتا ہے۔ یعنی ایسا نہیں ہے کہ کچھ ظالم لوگوں نے سازش کر کے سماج میں مختلف درجات قائم کردئیے ہیں۔ اس کا اصل سبب یہ ہے کہ لوگ خلقی طور پر فرق کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ مثلاً کوئی زیادہ ذہین ہے اور کوئی کم ذہین، کوئی زیادہ طاقتور ہے اور کوئی کم طاقتور، کسی کو جدوجہد کا پورا موقع ملتا ہے اور کوئی درمیان ہی میں کسی حادثہ یا موت کا شکار ہو جاتا ہے، کوئی موافق حالات میں پیدا ہوتا ہے اور کوئی نا موافق حالات میں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page