Urdu book · مطالعہ سیرت

مطالعہ سیرت

Urdu book, p. 8

By Maulana Wahiduddin Khan

مطالعۂ سیرت پیغمبر اسلام ﷺ کی سیرت پر مختلف زبانوں میں بے شمار کتابیں لکھی گئی ہیں۔ مگر مسلم اہل علم کی لکھی ہوئی ان کتابوں میں عمومی طور پر ایک مشترک کمی پائی جاتی ہے وہ یہ کہ یہ کتابیں زیادہ تر تقدس کے جذبہ کے تحت لکھی گئی ہیں۔ یہ طریقہ عقید تمدانہ مطالعہ کے اعتبار سے اہم ہو سکتا ہے۔ مگر علمی اعتبار سے اس طرز پر لکھی ہوئی کتابوں کی اہمیت زیادہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مستشرقین کی لکھی ہوئی اکثر کتابوں کی علمی قدر و قیمت مسلمانوں کی لکھی ہوئی کتابوں سے زیادہ ہوتی ہے۔ مستشرقین اپنے موضوعی (objective) مطالعہ کی بنا پر اکثر وہ قیمتی نکتہ دریافت کر لیتے ہیں جس کو ہمارے سیرت نگار دریافت کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر۔ اِی۔ ای۔ کلیٹ (E E Kellet) ایک برطانی مستشرق ہے اس نے اپنی ایک کتاب میں پیغمبر اسلام کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ۔---- پیغمبر اسلام نے دشواریوں کا مقابلہ اس عزم کے ساتھ کیا کہ وہ ناکامی سے کامیابی کو نچوڑیں۔ He faced adversity with the determination to wring success out of failure موجودہ زمانہ میں پیغمبر اسلام پر بے شمار نعتیہ قصائد لکھے گئے ہیں اور بے شمار مدحیہ کتابیں تصنیف کی گئی ہیں۔ مگر میں سمجھتا ہوں کہ مغربی مستشرق کا مذکورہ جملہ مسلم شعراء اور مصنفین کی لکھی ہوئی تمام منظوم اور منثور نعتوں پر بھاری ہے۔ مذکورہ جملہ قاری کے لئے ایک نشان راہ کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ مسلمانوں کی لکھی ہوئی مدحیہ تحریروں میں قاری کو صرف فخر یا تقدس کی غذا ملتی ہے۔ ان کے ذریعہ قاری کو وہ رہنمائی نہیں ملتی جس کو قرآن میں اسوہ حسنہ کہا گیا ہے (الاحزاب (۲۱)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page