Urdu book · پیغمبرِ انقلاب

مثالی کردار

Urdu book, p. 40

By Maulana Wahiduddin Khan

مگر پیغمبر اسلام کی پوری زندگی آخرت میں ڈھل گئی تھی ۔ اس لیے اولاد سے محبت کا مفہوم بھی آپ کے یہاں دوسرا تھا۔ ایک روایت جونسائی کے سوا دوسری تمام کتب صحاح میں نقل ہوئی ہے، یہ ہے کہ علی مرتضیٰ نے ایک بار ابن عبد الواحد سے فرمایا۔ میں تجھ کو فاطمہ بنت رسول کی ایک بات سناؤں جو سارے کنبہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے زیادہ محبوب تھیں ۔ ابن عبد الواحد نے کہا، ہاں۔ حضرت علی نے کہا۔ فاطمہ کا یہ حال تھا کہ چکی پیتیں تو ہاتھ میں چھالے پڑ جاتے ۔ پانی کی مشک اٹھانے کی وجہ سے گردن میں نشان پڑ گیا تھا۔ جھاڑو دیتیں تو کپڑے میلے ہو جاتے۔ انہی دنوں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کچھ خادم آئے۔ میں نے فاطمہ سے کہا، تم اپنے والد کے پاس جاؤ اور اپنے لیے ایک خادم مانگو۔ فاطمہ گئیں۔ مگر وہاں ہجوم تھا مل نہ سکیں ۔ اگلے دن نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے گھر آئے اور پوچھا کہ کیا ضرورت تھی ۔ فاطمہ چپ ہو گئیں۔ میں نے قصہ بتایا اور یہ بھی کہا کہ میں نے ان کو کہلا کر بھیجا تھا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سننے کے بعد فرمایا : اِتَّقِی اللَّہَ یَا فَاطِمَۃُ، وَأَدِّی فَرِیضَۃَ رَبِّکَ، وَاعْمَلِی عَمَلَ أَھْلِکِ، فَإِذَا أَخَذْتَ مَضْجَعَکَ فَسَبِّحِی ثَلاثًا وَثَلاثِینَ، وَاحْمَدِی ثَلاثًا وَثَلاثِینَ، وَکَبِّرِی أَرْبَعًا وَثَلاثِینَ، فَتِلْکَ مِائَۃٌ، فَھِیَ خَیْرٌ لَکِ مِنْ خَادِمٍ (اے فاطمہ! خدا سے ڈرو۔ اپنے رب کے فرائض ادا کرو اپنے گھر والوں کا کام کرو ۔ جب بستر پر جاؤ تو 33 بار خدا کی تسبیح کرو، 33 بار خدا کی حمد کرو، 34 بار خدا کی تکبیر کرو۔ یہ پورا ہو گیا۔ یہ تمہارے لیے خادم سے بہتر ہے)۔ فاطمہ نے یہ سن کر کہا: رَضِیتُ عَنِ اللَّہِ عَزَّ وَجَلَّ، وَعَنْ رَسُولِہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ (میں خدا اور اس کے رسول سے اس پر خوش ہوں )۔ حضرت علی کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بس یہ جواب دیا اور فاطمہ کو خادم نہیں دیا (وَلَمْ یُخْدِمْھَا) ۔ سنن ابوداؤد، حدیث نمبر 89-2988

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page