Urdu book · قال اللہ و قال الرسول

سیاسی احکام کی نوعیت

Urdu book, p. 101

By Maulana Wahiduddin Khan

سیاسی احکام کی نوعیت ایک مسلمان کمیونسٹ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تاریخ کے سب سے بڑے اشتراکی تھے ان کے نزدیک پیغمبر اسلام کا مشن یہ تھا کہ دنیا سے معاشی استحصال کا خاتمہ کریں۔ اور زمین پر معاشی انصاف کا نظام قائم کریں۔ اپنے نقطہ نظر کو ثابت کرنے کے لئے ان کو قرآن کے بہت سے حوالے مل گئے ـــ زمین اللہ کی ہے (اعراف ۱۲۸) دولت کا اجتماع ہلاکت کا باعث ہے (الہمزہ ۲) ضرورت سے زیادہ مال رکھنے کا کسی کو حق نہیں (البقرہ ۲۱۹) سرمایہ دارانہ سماج پر خدا اپنا عذاب نازل کرتا ہے (الاسرار ۱۶) دولت صرف سرمایہ دار طبقہ میں نہیں رہنا چاہئے (الحشر) خدا کا مطلوب سماج وہ ہے جس میں ایک طبقہ کے لئے دوسرے طبقہ کو لوٹنے کا موقع نہ ہو (ہود ۴۸) دولت کے زور پر جو لوگ دوسروں کا استحصال کرتے ہیں ان سے جنگ کرو (البقره ۲۷۹) مذکورہ کمیونسٹ اپنے نقطہ نظر کے حق میں اس طرح کے قرآنی دلائل پیش کرتے رہے۔ آخر میں میں نے کہا کہ پیغمبر کا مشن اگر وہی ہے جو آپ نے بیان فرمایا تو قرآن میں ایسی کوئی آیت ہونی چاہئے جس کا مفہوم یہ ہو کہ " اے پیغمبر! ہم نے تم کو اس لئے بھیجا ہے تاکہ تم دنیا سے معاشی لوٹ کو ختم کرو اور زمین پر معاشی انصاف کا نظام قائم کرو۔" اگر آپ اپنے دعوے میں برحق ہیں تو قرآن سے ایسی کوئی آیت نکال کر دکھائیے۔ موصوف نے مذکورہ بالا قسم کے معاشی حوالے تو بہت دئے مگر وہ ایسی کوئی آیت پیش نہ کر سکے جس کے الفاظ سے براہ راست طور پر یہ نکلتا ہو کہ پیغمبر کا مشن دنیا میں معاشی انقلاب برپا کرنا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ قرآن میں بہت سی معاشی آیتیں ہیں۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ قرآن میں ایک بھی ایسی آیت نہیں جس کے عبارت النص سے مذکورہ بالا قسم کا معاشی نصب العین نکلتا ہو۔ یہ فرق ثابت کرتا ہے کہ معاشی احکام اگرچہ قرآن میں موجود ہیں مگر معاشی احکام کا نفاذ ہی وہ چیز نہیں جو پیغمبر خدا کا اصل نصب العین ہو۔ معاشی احکام کی اہمیت کسی اور پہلو سے ہے نہ کہ نصب العین کے پہلو سے۔ یہی معاملہ سیاسی احکام کا ہے۔ قرآن میں یقیناً سیاسی نوعیت کے احکام بھی ہیں۔ مگر ان احکام کی بنیاد پر ایک نظام قائم کرنا ہی وہ اصل نصب العین نہیں جس کے لئے پیغمبر کی بعثت ہوئی ہو یہی وجہ ہے کہ قرآن میں ایسی آیتیں تو ملتی ہیں جن میں سیاسی پہلو بھی شامل ہو۔ مگر سارے قرآن میں ایسی کوئی ایک آیت نہیں جس کا مفہوم یہ ہو کہ " اے پیغمبر! تمھارا نصب العین یہ ہے کہ تم قرآنی احکام کی بنیاد پر ایک کل سیاسی نظام قائم کرو۔" قرآن معاشی نصب العین کی آیت سے بھی خالی ہے اور سیاسی نصب العین کی آیت سے بھی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page