Urdu book · راہِ عمل

راہِ عمل

Urdu book, p. 130

By Maulana Wahiduddin Khan

تمام عرب اور مسلمان اس کے مقابلے میں بے بس ثابت ہورہے ہیں۔ دوسری طرف ویت نام میں امریکہ اپنی پوری فوجی طاقت کے ساتھ براہِ راست دخیل تھا، پھر بھی ویت نامیوں نے امریکہ کو ناکام واپس ہونے پر مجبور کردیا۔ فرض منصب سے غفلت مسلمانوں کا اور مسلم تحریکوں کا یہ انجام کیوں ہورہا ہے، مسلمانوں کے لکھنے اور بولنے والے اس کو اغیار کے خانے میں ڈالے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دراصل مسلم دشمن طاقتوں کی سازش اور عناد ہے جس نے ہم کو موجودہ ناکامی سے دوچار کر رکھا ہے۔ مگر یہ بات قرآن کے سراسر خلاف ہے۔ بلکہ یہ قرآن کے اوپر عدم اعتماد کے ہم معنی ہے۔ قرآن میں بار بار مختلف انداز میں یہ بات کہی گئی ہے کہ مسلمانوں کو خارجی طاقت مغلوب نہیں کرسکتی۔ وہ جب بھی مغلوب ہوں گے تو اپنی داخلی کمزوری کی وجہ سے مغلوب ہوں گے۔ اگر ہم قرآن کو خدا کی کتاب مانتے ہیں تو ہم کو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ موجودہ صورتِ حال تمام تر مسلمانوں کی اپنی کوتاہی کا نتیجہ ہے، نہ کہ اغیار کی دشمنی اور ان کی سازش کا نتیجہ۔ اصل یہ ہے کہ مسلمان کی حیثیت اس دنیا میں خدا کے نمائندہ کی ہے۔ ان کی یہ لازمی ڈیوٹی ہے کہ وہ دنیا کی تمام قوموں کے سامنے خدا کے دین کا اعلان واظہار کریں۔ وہ لوگوں کے اوپر خدا کے گواہ بنیں۔ اسی گواہی کی ادائیگی پر ان کی دنیا کی نجات کا انحصار ہے اور اسی طرح آخرت کی نجات کا انحصار بھی۔ مسلمان اگر اس کارِ شہادت یا کارِ دعوت کو چھوڑ دیں تو خدا کی نظر میں ان کی کوئی قیمت باقی نہیں رہتی۔ اس کام کو چھوڑ کر کوئی دوسرا کام، خواہ وہ کتنے ہی بڑے پیمانے پر کیا جائے، خدا کی نظر میں مسلمانوں کو قیمت والا نہیں بنا سکتا۔ اس مسئلے کی وضاحت کے لیے ایک عام مثال لیجیے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page