Urdu book · راہِ عمل

دعوت شاہ کلید

Urdu book, p. 133

By Maulana Wahiduddin Khan

دعوت شاہ کلید دعوتی عمل کی حیثیت شاہ کلید یا کامل ضرب (master stroke) کی ہے۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جو پوری زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ جو ہر اعتبار سے انقلاب برپا کرنے کا سبب بن جاتا ہے۔ داعی جب دعوت کے لیے اٹھتا ہے تو اس کا پورا ماحول اس کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بن جاتا ہے۔ یہ چیلنج اس کی صلاحیتوں کو جگاتا ہے۔ وہ اس کی فکری اور اخلاقی تربیت کرتا چلا جاتا ہے۔ 1۔ دعوت کا کام بظاہر دوسروں کے اوپر کیا جاتا ہے مگر اس سے پہلے وہ خود داعی پر اپنا اثر ڈالتا ہے۔ وہ داعی کے ایمانی شعور کو جگاتا ہے۔ اور اس کے سوئے ہوئے ایمان کو زندہ ایمان بنانے کا سبب بنتا ہے۔ جب ایک شخص ایک پیغام لے کر اٹھتا ہے اور اس کو دوسروں تک پہنچاتا ہے تو لازماً داعی اور مدعو کے درمیان گفتگو اور بحث چھڑتی ہے۔ سوالات اور اعتراضات پیدا ہوتے ہیں، یہ چیز داعی کو مجبور کرتی ہے کہ وہ اپنے پیغام کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرے۔ وہ اپنے آپ کو فکری اور نظریاتی اعتبار سے زیادہ سے زیادہ مسلح کرے۔ اس طرح دعوت آدمی کو مطالعہ اور تیاری کی طرف لے جاتی ہے۔ اس کا یہ مطالعہ اور تیاری اس کے ایمان کو بڑھاتا ہے اور مضبوط سے مضبوط تر کرتا چلا جاتا ہے۔ 2۔ دعوت آدمی کو پرسکون دنیا سے نکال کر مقابلے کی دنیا میں لے جاتی ہے۔ دعوتی مہم کے نتیجے میں بے شمار عملی تقاضے پیدا ہوتے ہیں۔ آدمی مجبور ہوتا ہے کہ وہ عملی اعتبار سے سوچے، عملی پروگرام بنائے ۔ اس طرح وہ دن بدن ایک باعمل انسان بنتا چلا جاتا ہے۔ اس کے اندر وہ صفات پیدا ہونے لگتی ہیں جو عملی انسان کی صفات ہیں۔ مثلاً حقیقت پسندی، منصوبہ بندی، صبر و اعراض، تدریجی جدوجہد، حال کے ساتھ مستقبل کو دیکھنا، مسائل سے زیادہ مواقع پر دھیان دینا، وغیرہ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page