Urdu book · راہِ عمل

راہِ عمل

Urdu book, p. 146

By Maulana Wahiduddin Khan

ملت کی عظمتوں کا مینار کھڑا کرنے والے نہیں بن سکتے۔ دعوت کا میدان مسلمانوں کے لیے ساری دنیا میں کرنے کا کام صرف ایک ہے، اور وہ دعوت الی اللہ ہے۔ مسلمانوں کو پہلے بھی یہی کام کرنا تھا، مگر اب تو آخری طور پر وہ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان ٹکراؤ کے میدان سے واپس ہو کر دعوت کے میدان میں اپنا عمل جاری کریں۔ وہ دوسری قوموں کو دشمن کی نظر سے دیکھنے کے بجائے انہیں اپنے مدعو کی نظر سے دیکھیں۔ وہ ’’تلوار‘‘ کے بجائے قرآن کو لے کر اٹھیں اور اقوامِ عالم کے اوپر اپنی داعیانہ ذمہ داریوں کو ادا کریں۔ اسی میں ان کی دنیا کی بھلائی ہے اور اسی میں ان کی آخرت کی بھلائی بھی۔ نارتھ امریکہ میں مسلمانوں کی ایک پرانی تنظیم ہے جو مختصر طور پر اسنا (ISNA) کے نام سے مشہور ہے۔ اس کا 26 واں اجلاس اوہائیو اسٹیٹ میں ستمبر 1989 کے پہلے ہفتہ میں ہوا۔ اس اجلاس کی خاص تھیم یہ تھی کہ اسلامی دعوت کو لے کر باہر نکلو: “Preaching out with Islam” اسلامی عمل کے لیے یہ ایک صحیح عنوان ہے۔ تاہم اس جملے میں مجھے حریفانہ نفسیات کی بو آتی ہے۔ جب کہ اسلامی دعوت سرتا پا ایک نصیحت کا عمل ہے۔ وہ دوسروں کے خلاف کوئی جوابی کارروائی نہیں ہے، بلکہ دوسروں کی خیر خواہی کے لیے خدا کے حکم کے تحت متحرک ہونا ہے۔ آج ساری دنیا میں ایسی مسلم کانفرنسیں ہو رہی ہیں جن کا عنوان دعوت ہوتا ہے۔ ان میں سے بہت سی کانفرنسوں میں مجھے خود بھی شرکت کا اتفاق ہوا ہے۔ مگر میں نے پایا ہے کہ ان کانفرنسوں میں اگر ایک طرف ’’دعوت‘‘ کی بات کی جاتی ہے تو اسی کے ساتھ ان میں ’’عداوت‘‘ کی باتیں بھی پر جوش طور پر جاری رہتی ہیں۔ حالانکہ دونوں ایک دوسرے کی ضد ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page