راز حیات
Urdu book, p. 120
By Maulana Wahiduddin Khan
عمل پر لگادی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بہت جلد گھر کی فضا بدلنے لگی۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ جس گھر میں وہ ایک نامطلوب شخصیت بنی ہوئی تھی وہاں وہ لوگوں کے درمیان سب سے زیادہ مطلوب شخصیت بن گئی۔ یہی زندگی کا راز ہے۔ گھر کا معاملہ ہو یا بستی کا معاملہ یا پورے ملک کا معاملہ، ہر جگہ عزت کا مقام حاصل کرنے کا واحد بے خطا راز یہ ہے کہ آپ یہ ثابت کر دیں کہ آپ لوگوں کی ضرورت ہیں۔ اور لوگ یقینی طور پر آپ کو نہ صرف عزت کا مقام دیں گے بلکہ وہ آپ کے پرستار بن جائیں گے۔ سب سے بڑی ضمانت لارڈ ولیم وینٹک انیسویں صدی کے ربع ثانی (1835_1828) میں ہندوستان کے گورنر جنرل تھے۔ انھوں نے ایک بار حکم دے دیا تھا کہ تاج محل کو گرا دیا جائے مگر عملاً وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس کا انکشاف 7 فروری 1900 کو اس وقت کے وائسرائے لارڈ کرزن نے کیا تھا۔ لارڈ کرزن نے کلکتہ کے ایک جلسہ عام میں کہا کہ ان دنوں ایسٹ انڈیا کمپنی کی اقتصادی حالت خراب ہوگئی تھی۔ کمپنی کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے سابق برطانوی گورنر جنرل (لارڈ وینٹک) نے چاہا کہ کہ تاج محل کے سنگ مرمر کو فروخت کردیں۔ اس سے ان کو اس زمانہ میں ایک لاکھ روپیہ حاصل ہونے کی امید تھی۔ جب یہ خبر پھیلی تو لوگوں نے اس کی مخالفت کی۔ اب لارڈ وینٹک بگڑ گئے اور انھوں نے غصہ میں آ کر حکم دیا کہ تاج محل کو گرا کر زمین کے برابر کر دیا جائے ۔ ان کے اس حکم کے بعد عوام کی مخالفت اور زیادہ بڑھ گئی۔ ہندو اور مسلمان دونوں نے مل کر شدید احتجاج کیا۔ حتی کہ یہ اندیشہ پیدا ہوگیا کہ اگر تاج محل کو گرایا گیا تو عوامی بغاو ت پیدا ہوجائے گی۔ لارڈ وینٹک کے مشیروں نے ان کو صورت حال کی نزاکت بتائی۔ چنانچہ انھوں نے حکم واپس لے لیا۔ (نو بھارت ٹائمنز 18 جون 1969) " تاج محل کو عوام نے نہیں بچایا" اس خبر کو پڑھ کر ایک شخص نے کہا" بلکہ تاج محل کو اس کے اپنے حسن نے بچایا۔ تاج اگر اتنا حسین نہ ہوتا تو برطانوی اقتدار کے مقابلہ میں اس کو

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader