راز حیات
Urdu book, p. 328
By Maulana Wahiduddin Khan
اس طرح پانچ سال گزر گئے ۔ اس کے بعد کرایہ دار کی نیت بگڑی ۔ اس نے چاہا کہ پورے مکان پر قبضہ کرلے ۔ اس نے شادی کا بہانہ بنا کر مالک مکان سے کہا کہ آپ دو ہفتے کے لیے اپنا کمرہ ہم کو دیدیں تا کہ ہم اپنے مہمانوں کو ٹھہرا سکیں ۔ دو مہینہ کے بعد ہم آپ کا کمرہ خالی کر دیں گے۔ کرایہ دار نے وقتی طور پر ان کے لیے جگہ کا بھی انتظام کر دیا ۔ مالک مکان اس کے کہنے میں آگئے اور کمرہ چھوڑ کر چلے گئے ۔ بعد کو کرایہ دار نے ان کا تمام سامان ان کے پاس بھجوادیا۔ دو ہفتہ گزرنے کے بعد مالک مکان نے اپنے گھر میں آنا چاہا تو کرایہ دار نے ان کو بھگا دیا اور کہا کہ یہ پورا مکان میرا ہے اب اس سے آپ کا کوئی تعلق نہیں ۔ اب مالک مکان کیا کریں ۔ ان کے کچھ دوستوں نے مشورہ دیا کہ اگر تم مکان خالی کرانے کے لیے مقدمہ کرو تو اس کے فیصلہ میں دس سال لگ جائیں گے ۔ تم ایسا کرو کہ کچھ آدمی جمع کرو اور مکان میں گھس کر زبردستی کرایہ دار کو نکال دو اور اس پر قبضہ کر لو ۔ مالک مکان نے ایسا ہی کیا ۔ مگر کرایہ دار بھی ہوشیار تھا ۔ جب مالک مکان نے ”حملہ“ کیا تو اس نے فوراً پولیس کو رپورٹ کر دی۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ اور مالک مکان پر فوجداری مقدمہ قائم ہو گیا ۔ مقدمہ تقریباً دس سال تک چلتا رہا اور ایک کے بعد ایک کئی مقدمے بنتے چلے گئے ۔ مکان کا مسئلہ اپنی جگہ قائم رہا اور فوجداری مقدمات کی پیروی میں مالک مکان برباد ہو کر رہ گئے ۔ مزید یہ کہ فوجداری جرم کی وجہ سے ان کی سرکاری ملازمت بھی ختم ہو گئی ۔ ایک غلطی کے بعد دوسرے غلطی نہ کیجئے ۔ اگر آپ نے غلطی کر کے ایک چیز کھودی ہے تو ایسا کبھی نہ کیجئے کہ آپ دوبارہ غلطی کریں اور اس کے نتیجہ میں آپ اپنی بقیہ چیز بھی کھودیں ۔ پیغامِ حیات زندگی ایک امتحان ہے ۔ یہ اس دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے ۔ اور اسی حقیقت کو سمجھنے میں ہماری تمام کامیابیوں کا راز چھپا ہوا ہے ، خواہ وہ دنیا کی کامیابی ہو یا آخرت کی کامیابی ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader