Urdu book · راز حیات

نیا دور

Urdu book, p. 66

By Maulana Wahiduddin Khan

نیا دور چودھویں صدی ہجری پر تاریخ کا ایک دور ختم ہوا ہے۔ پندرھویں صدی ہجری میں تاریخ کے نئے دور کا آغاز ہونا ہے۔ مزید یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج وہ تمام موافق حالات مکمل طور پر پیدا ہو چکے ہیں جو ایک نیا بہتر دور شروع کرنے کے لیے درکار ہیں۔ جب رات کا اندھیرا ختم ہوتا ہے اور نئے دن کا سورج نکلنے کے آثار ظاہر ہوتے ہیں تو یہ فطرت کی طرف سے اس بات کا خاموش اعلان ہوتا ہے کہ روز وشب کی ایک گردش پوری ہوگئی۔ اب اس کی دوسری گردش شروع ہونے والی ہے۔ جو شخص چاہے اس کی روشنی میں اپنا نیا سفر شروع کرے اور منزل پر پہنچ جائے۔ صبح کے وقت سورج کا نکلنا ہر آدمی کو دو چیزوں کے درمیان کھڑا کر دیتا ہے۔ ایک وہ موقع جو گزر چکا۔ دوسرا وہ موقع جو سامنے کھلا ہوا موجود ہے۔ جو شخص بھی ان مواقع کو استعمال کرے گا وہ لازماً اپنی منزل پر پہنچ جائے گا۔ تاہم امتحان کی اس دنیا میں مواقع صرف انہیں کے لیے ہوتے ہیں جو مواقع کو استعمال کریں۔ جو لوگ مواقع کو استعمال کرنے میں ناکام رہیں ان کے لیے کوئی موقع موقع نہیں۔ کامیابی دوسرے لفظوں میں موجود مواقع کو استعمال کرنے ہی کا دوسرا نام ہے۔ کوئی شخص پچھلے کل میں اپنا سفر شروع نہیں کر سکتا۔ سفر جب بھی شروع ہوگا ”آج“ سے شروع ہوگا، نہ کہ گزرے ہوئے ”کل“ سے۔ جو لوگ آج کے دن بھی کل میں جئیں ان کے لیے اس دنیا میں بربادی کے سوا اور کوئی چیز مقدر نہیں۔ جو مواقع گزر چکے انہیں بھول جائیے۔ جو مواقع آج موجود ہیں ان کو جانیے اور انہیں استعمال کیجئے ۔ ان شاء اللہ آپ یقیناً کامیاب ہوں گے۔ یاد رکھیے گزرا ہوا دن کبھی کسی کے لیے واپس نہیں آیا۔ گزرا ہوا دن آپ کے لیے بھی واپس آنے والا نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page