Urdu book · سبق آموز واقعات

سبق آموز واقعات

Urdu book, p. 40

By Maulana Wahiduddin Khan

اعتراف غالباً 1930 ء کا واقعہ ہے۔ جارج اسلامیہ ہائی اسکول، گورکھ پور (جو بعد کو اسلامیہ کالج بنا) کے ایک استاد مسٹر شرف الدین تھے۔ بہت ذہین اور لائق استاد تھے۔ انگریز انسپکٹر ایک روز ان کی کلاس کا معائنہ کرنے کے لیے آیا۔ اس وقت وہ غالباً نویں کلاس کو انگریزی زبان پڑھا رہے تھے۔ انگریز انسپکٹر ان کی کلاس میں بیٹھ گیا اور ان کے درس کو سنتا رہا۔ بعد کو اس نے انسپکشن رپورٹ میں لکھا: I did not inspect the class of Mr. Sharfuddin. actuaily I attended it. He is so learned a teacher. میں نے مسٹر شرف الدین کی کلاس کا معائنہ نہیں کیا۔ بلکہ حقیقتاً ان کے کلاس میں شرکت کی۔ وہ واقعی ایک لائق استاد ہیں۔ (ڈاکٹر محمود قادری، پیدائش 1914 ء، قاسم جان اسٹریٹ، دہلی 110006) غلطی کا اعتراف 1941ء کے شروع کا واقعہ ہے۔ میں فوجی دفتر کی ایک شاخ (اے جز برانچ) کے سیکشن (اے جی نمبر 11) واقع نئی دہلی میں ملازم تھا۔ میرے ایک ساتھی عالم چند سنگھ تھے۔ انھوں نے ایک موقع پر دفتر کی ایک فائل اس وقت کے ہمارے سیکشن کے انچارج افسر کے پاس کاغذات پر دستخط کرنے کے لیے بھیجی۔ یہ ایک انگریز کرنل تھا، جس کا نام اب مجھے یاد نہیں۔ اس افسر نے فائل دیکھی تو اس کو ایک کاغذ نظر نہیں آیا، جس کی اسے خاص ضرورت تھی۔ اس نے نہایت ناراضگی کے لہجہ میں یہ نوٹ لکھ کر فائل کو اپنے ماتحت مسٹر عالم چند سنگھ کے پاس بھیجا کہ فلاں کا غذا س میں کیوں نہیں ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page