قومی کردار
Urdu book, p. 64
By Maulana Wahiduddin Khan
آدمی کو اپنی غلطیوں کا پتہ نہیں ہوتا۔ البتہ وہ دوسرے کی غلطیوں سے خوب باخبر ہوتا ہے۔ حالاں کہ آدمی کو جو چیز سب سے زیادہ جاننا چاہیے وہ خود اپنی غلطی ہے۔ کیوں کہ اپنی غلطیوں کا جاننا ہی آخرت میں کسی کے کام آئے گا، نہ کہ دوسروں کی غلطیوں کو جاننا۔ ڈاکٹر کی ضرورت نہیں ہوگی ایک شخص نے ایک دیہاتی آدمی کو دیکھا۔ ساٹھ سال سے زیادہ عمر ہونے کے باوجود وہ خوب تندرست اور سرگرم دکھائی دیتا تھا۔ ”آپ کی صحت کا راز کیا ہے؟“۔ اس نے پوچھا۔ دیہاتی کا جواب یہ تھا: ”میرے من میں جب بھی ایسا ہوتا ہے کہ کھاؤں یا نہ کھاؤں تو میں ہمیشہ نہ کھاؤں کو ترجیح دیتا ہوں۔“ یہ بات جو ایک دیہاتی ان پڑھ نے بتائی، یہی بات سقراط نے ان لفظوں میں کہی تھی: ”اس وقت تک نہ کھاؤ جب تک تم بھوک سے بے تاب نہ ہو جاؤ“۔ غذا ہی میں انسان کی طاقت ہے۔ مگر یہ بھی ایک واقعہ ہے کہ غذا ہی آدمی کی ساری بیماریوں کی جڑ ہے۔ غلط خوراک یا ناقص خوراک جتنی مضر ہے، اتنی ہی مضر یہ بات بھی ہے کہ آدمی بھوک کے بغیر کھائے یا ضرورت سے زیادہ اپنے پیٹ کو بھرے۔ صحت کا راز ایک لفظ میں صرف یہ ہے: ”صحیح خوراک معتدل مقدار میں“۔ اگر آدمی صرف اس ایک اصول کو پوری طرح پکڑ لے تو اس کو زندگی بھر ڈاکٹر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader