چند واقعات
Urdu book, p. 77
By Maulana Wahiduddin Khan
بچالیا۔ 20 اکتوبر کی صبح کو جب ہم کٹھوعہ کے لیے روانہ ہوئے اور ایک چورستہ پر پہنچے، جہاں سے ایک سڑک کٹھوعہ کی طرف اور دوسری اکھنور اور بھیم بر کی طرف جاتی تھی، مہاراجہ نے اچانک جیپ ڈرائیور کو ہدایت کی کہ وہ کٹھوعہ کے بجائے گاڑی کو بھیم بر کی طرف موڑ دے۔ میں نے عرض کیا، کٹھوعہ میں سرکاری افسران اور عوام ہمارا انتظار کر رہے ہوں گے اور بھیم بر کے لیے ہم نے کوئی پروگرام نہیں بھیجا ہے اور اس وقت وہاں کوئی انتظام نہیں ہوگا۔ مہاراجہ نے میری گزارش کو نظر انداز کر دیا اور کہا کہ وہ کسی پروگرام کے پابند نہیں ہیں۔ اس لیے ہم اکھنور اور بھیم بر کی طرف روانہ ہوئے اور میر پور نہ پہنچ سکے۔ ہم نے بھیم بر کے ڈاک بنگلہ میں دن کا کھانا کھایا اور 10 بجے رات کو جموں پہنچے۔ اس کے بعد جیسا کہ طے تھا، 21 اکتوبر کو بھیم بر کا ڈاک بنگلہ گھیر لیا گیا۔ ہم اس سازش کا شکار ہو جاتے، اگر ہم نے اصل پروگرام کے مطابق سفر کیا ہوتا۔ مہاراجہ کی پیش اندیشی نے ہم کو پاکستان کے قبضہ میں جانے سے بچالیا۔ Looking Back, pp. 272-273 ۵۔ چین کے سابق وزیر اعظم مسٹر چو این لائی (1972-1898ء) نے اپنی موت سے صرف چند دن پہلے شمالی ویت نام کے ایک کمیونسٹ لیڈر سے اسپتال میں ملاقات کی تھی۔ دونوں کمیونزم کے بعض فکری پہلوؤں پر بحث کرتے رہے۔ جب ویت نامی لیڈر جانے لگا تو چوئو نے ہنس کر کہا: ”اب میں اس مسئلہ کو خود کارل مارکس سے سمجھنے کی کوشش کروں گا۔ کیونکہ چند ہی دن میں میں اس کے پاس جانے والا ہوں“۔ اور فی الواقع اس کے چند دن بعد 6 جنوری کی شام کو ان کا انتقال ہو گیا۔ ۶۔ چنگیز خاں کے پوتے قبلائی خاں (1216-1294ء) نے 1281 میں جاپان پر حملہ کیا۔ اس نے ایک عظیم جنگی بیڑا تیار کر کے ان جزائر کو فتح کرنے کے لیے روانہ کیا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader